بچوں کا شوق ہے، 12 بھی ہوں تو کوئی مسئلہ نہیں، یاسر حسین

شائع June 2, 2025
—فائل فوٹو: انسٹاگرام
—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکار، ہدایتکار اور لکھاری یاسر حسین نے کہا ہے کہ انہیں بچے بہت پسند ہیں اور وہ بڑے خاندانوں کے حامی ہیں۔

یاسر حسین حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔

پروگرام کے دوران یاسر حسین نے کہا کہ وہ بڑے خاندانوں کے حامی ہیں، انہوں نے بتایا کہ ان کا اپنا خاندان بھی بہت بڑا تھا، جس میں 11 بہن بھائی شامل تھے اور انہوں نے ایک خوشگوار بچپن گزارا۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ ان کے پاس مادی وسائل محدود تھے، لیکن محبت، وقت اور تربیت کی فراوانی تھی، آج بھی اگر والدین بچوں کو وقت اور تعلیم دیں تو بڑے خاندانوں کی اچھی پرورش ممکن ہے۔

جب میزبان تابش ہاشمی نے ان سے پوچھا کہ اگر آپ کے 12 بچے ہوں تو آپ ان کی تربیت کیسے کریں گے، تو اس پر یاسر حسین نے فوراً جواب دیا کہ آپ کے منہ میں گھی شکر، بچے جتنے بھی ہوں ان کی تربیت ہوجاتی ہے۔

یاسر حسین نے تھیٹر کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو عوامی سطح پر تھیٹر کی اجازت دینی چاہیے، کیونکہ کچھ لوگ ایسے ہیں جو تھیٹر دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود ڈرامے نہیں دیکھتے، اقرا عزیز اپنے ڈرامے الگ بیٹھ کر دیکھتی ہیں، اس لیے وہ ان کے کام میں کبھی کوئی برائی نہیں نکالتے، ان کے بقول، شوہر کو بیوی کے کام میں کبھی برائی نہیں نکالنی چاہیے۔

اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج ہر کسی کے پاس کئی میڈیمز موجود ہیں، جیسے کہ ٹک ٹاک، انسٹاگرام، یوٹیوب وغیرہ، یہ دیکھنے والے پر منحصر ہے کہ وہ کس میڈیم کو دیکھنا چاہتا ہے، اس دوران انہوں نے ازراہِ مذاق کہا کہ اگر آپ ارنب گوسوامی کو دیکھ رہے ہیں تو آپ بے وقوف ہیں، کیونکہ اس کو دیکھنے والا آدھے منٹ میں ہی سمجھ جاتا ہے کہ وہ اسے بے وقوف بنارہا ہے۔

مزید برآں، ایک سوال کے جواب میں یاسر حسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبے کی ترقی اور بحالی کے لیے بہت اچھے پراجیکٹس پر کام کر رہی ہیں، جو کہ بہت متاثر کن ہے، اور یہی وجہ ہے کہ وہ آہستہ آہستہ اُن کے مداح بنتے جارہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025