فیکٹ چیک: ٹک ٹاکر مشال خان اور مینا خان کے قتل کی خبر جھوٹی ہے
سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر صارفین کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ پشاور سے تعلق رکھنے والے ٹک ٹاکر مشال خان اور ان کی اہلیہ مینا خان کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا، تاہم یہ دعویٰ جھوٹا نکلا کیونکہ دونوں زندہ اور خیریت سے ہیں۔
ڈان ڈیجیٹل کے مطابق گزشتہ روز قبل 17 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف کو اسلام آباد میں ان کے گھر میں ایک نامعلوم شخص نے گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔
ثنا یوسف ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر کافی مقبول تھیں، اور ان کے مشترکہ فالوورز کی تعداد 10 لاکھ سے زیادہ تھی۔
آئی ویریفائی پاکستان کے فیکٹ چیک کے مطابق ایک صارف نے ایکس پر دعویٰ کیا کہ ٹک ٹاکر مشال خان اور ان کی اہلیہ مینا خان کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔
پوسٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’پشاور کے ٹک ٹاکرز مشال خان اور ان کی بیوی مینا خان کو قتل کر دیا گیا جب کہ چترال کی ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو بھی اسلام آباد میں قتل کر دیا گیا‘۔
اس پوسٹ میں خیبر پختونخوا اور ایک مخصوص فرقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو موردِ الزام ٹھہراتے ہوئے نفرت انگیز الفاظ بھی استعمال کیے گئے، اس پوسٹ کو 17 ہزار سے زائد بار دیکھا گیا۔
یہی دعویٰ دیگر صارفین نے بھی ’ایکس‘ اور’ فیس بک’ پر شیئر کیا۔
ان دعوؤں کی حقیقت جانچنے کے لیے آئی ویریفائی کی جانب سے ایک فیکٹ چیک کیا گیا، کیونکہ یہ جھوٹی خبر 17 سالہ ثنا یوسف کے قتل کے وقت پھیلائی گئی، جس سے عوامی دلچسپی مزید بڑھی۔
مشال اور مینا کے علیحدہ ٹک ٹاک اکاؤنٹس ہیں، جن پر بالترتیب 90 ہزار اور 11 لاکھ فالوورز ہیں، یہ جوڑا عموماً پشتو گانوں پر مبنی ویڈیوز ایک ساتھ بناتا ہے۔
فیکٹ چیک کے دوران ’ٹک ٹاکر‘ ’مشال خان‘، ’مینا خان‘ اور ’قتل‘ جیسے الفاظ سے کیے گئے کی ورڈ سرچ سے کسی معتبر قومی یا مقامی نیوز آؤٹ لیٹ پر کوئی خبر نہیں ملی جو ان کے قتل کی تصدیق کرتی ہو۔
ان کے ٹک ٹاک اکاؤنٹس کا جائزہ لینے سے معلوم ہوا کہ پیر اور منگل کو ان کی جانب سے کئی ویڈیوز پوسٹ کی گئیں۔
Fake news de da videos share kai plz#foryoupageofficiall #foryou #viral
مزید برآں، 2 جون کو مشال خان کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو سامنے آئی، جس میں جوڑے نے ان جھوٹی خبروں کی تردید کی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ان افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے اور ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ میں شکایت درج کروائیں گے۔
اس ویڈیو میں مینا نے کہا کہ یہ ساری صورتحال ہمارے لیے بہت تکلیف دہ رہی اور ہمیں ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا جب کہ ہمارے رشتہ دار گھبراہٹ میں ہمارے گھر پہنچے اور بار بار کالیں کیں۔
لہٰذا، فیکٹ چیک سے یہ ثابت ہوا کہ مشال خان اور مینا خان کے قتل کی خبر جھوٹی ہے، جوڑا زندہ اور خیریت سے ہے، اور ان کے خلاف پھیلائی گئی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں۔












لائیو ٹی وی