وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کی روسی وزیرخارجہ سے ملاقات، علاقائی کشیدگی پر موقف سے آگاہ کیا

شائع June 3, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی نے ماسکو میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات اور انہیں صدر ولادیمیر پوتن کے لیے وزیراعظم پاکستان کا خط پہنچایا۔

دوران ملاقات معاون خصوصی نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے گرمجوش مبارکباد پیش کی اور پاکستانی قیادت کے روس کے ساتھ توانائی، روابط اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کا مؤقف عالمی برادری کے سامنے پیش کرنے کے لیے دوسرا وفد وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کی قیادت میں ماسکو پہنچا ہے۔

طارق فاطمی نے روسی وزیر خارجہ کو جنوبی ایشیا میں حالیہ پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی، جس میں علاقائی کشیدگی کے خطرات کے حوالے سے پاکستان کے تحفظات کو اجاگر کیا۔

انہوں نے خاص طور پر، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی نام نہاد ’ معطلی’ کے ذریعے دریائے سندھ کے پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ ڈالنے کی دھمکی کے سنگین مضمرات پر روشنی ڈالی۔

وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون میں مسلسل وسعت پر اطمینان کا اظہار کیا، اور اہم مشترکہ منصوبوں جیسے کہ نئی اسٹیل ملز کا قیام اور اہم رابطے کے اقدامات پر زور دیا۔

انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے پاکستان کے ساتھ تعلقات، خاص طور پر انسداد دہشت گردی کے شعبے میں، مضبوط بنانے کی روس کی خواہش کا اعادہ کیا۔

وزیر خارجہ لاوروف نے نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے روس کی حمایت پر زور دیا، اور علاقائی استحکام پر اس کے مثبت اثرات کا ذکر کیا۔

دوران ملاقات معاون خصوصی طارق فاطمی نے صدر ولادیمیر کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کا سرگئی لاوروف کے حوالے کیا۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025