پی پی 52 سیالکوٹ ضمنی انتخاب پر فافن نے مبصر رپورٹ جاری کر دی

شائع June 3, 2025
— فائل فوٹو: اے پی
— فائل فوٹو: اے پی

فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے سیالکوٹ کے حلقے پی پی-52 کے ضمنی انتخاب رپورٹ جاری کر دی۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 52 سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) نے میدان مار لیا تھا، (ن) لیگ کی حنا ارشد وڑائچ نے 78 ہزار 419 ووٹ لےکر کامیابی حاصل کی تھی۔

فافن کی رپورٹ کے مطابق پی پی-52 کے ضمنی انتخاب میں چند معمولی بے ضابطگیاں رپورٹ ہوئیں، ایک پولنگ اسٹیشن پر پولیس کی جانب سے گنتی کے عمل میں خلل ڈالنے کی رپورٹس موصول ہوئیں جبکہ مجموعی ووٹر ٹرن آؤٹ میں معمولی کمی آئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غیر درست ووٹوں کی تعداد میں بھی کمی دیکھی گئی، ووٹر ٹرن آؤٹ 50 فیصد تھا، جو ضمنی انتخاب میں کم ہو کر 45 فیصد رہ گیا۔

فافن کے مطابق جیت کا فرق 8 ہزار 535 ووٹوں سے بڑھ کر 39 ہزار 684 ووٹوں تک جا پہنچا، فارم-47 رات ایک بج کر 15 منٹ پر مکمل کیا گیا، جو قانونی حد 2 بجے سے قبل تھا۔

فافن کا رپورٹ میں کہنا تھا کہ پولنگ اسٹیشن نمبر 169 میں گنتی کے دوران پولیس نے مداخلت کی، پولیس اہلکاروں نے پارٹی ایجنٹس اور مبصرین کو ہال سے باہر نکال دیا، انتخابی مواد اور عملے کو ساتھ لے گئے۔

فافن کو اس پولنگ اسٹیشن کے ضمنی انتخاب کے نتائج کی کاپی حاصل نہیں ہو سکی، خواتین کا ٹرن آؤٹ 47 فیصد سے کم ہو کر 39 فیصد اور مردوں کا ٹرن آؤٹ 53 فیصد سے گھٹ کر 50 فیصد رہا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ فارم-47 کے مطابق مسلم لیگ (ن) کا ووٹ شیئر 41 فیصد سے بڑھ کر 59 فیصد ہو گیا جبکہ پی ٹی آئی حمایت یافتہ آزاد امیدوار کا ووٹ شیئر 35 فیصد سے کم ہو کر 29 فیصد رہ گیا۔

فافن رپورٹس کے مطابق 49 فیصد بوتھس پر ووٹر کا نام بلند آواز سے پکارنے کی قانونی ذمہ داری پوری نہیں کی گئی، پولنگ اسٹیشنز پر گنتی کا عمل عمومی طور پر منظم تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 3 فیصد اسٹیشنز پر فارم 46 فراہم نہیں کیا گیا، گنتی کے وقت فافن نے 31 پولنگ ایجنٹس سے انٹرویو کیے، تمام نے اطمینان کا اظہار کیا۔

کارٹون

کارٹون : 26 جون 2025
کارٹون : 25 جون 2025