نان ایم ٹیگ اور ناکافی بیلنس کی حامل گاڑیوں کے ٹول ٹیکس میں 50 فیصد اضافہ

شائع June 4, 2025
— فائل فوٹو: ڈان
— فائل فوٹو: ڈان

نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے مختلف ہائی ویز اور انٹرچینجز کے لیے نان ایم ٹیگ اور ناکافی بیلنس کی حامل گاڑیوں کے ٹول ٹیکس میں 50 فیصد اضافہ کردیا۔

این ایچ اے کے نوٹی فکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 15 جون سے ہوگا اور نان ایم ٹیگ اور ناکافی بیلنس کی حامل گاڑیوں کو 50 فیصد اضافی ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق اسلام آباد سے پشاور تک نان ایم ٹیگ اور ناکافی بیلنس کی حامل کاروں کے لیے ٹول ٹیکس 850 روپے، لاہور سے عبدالحکیم انٹرچینج کے لیے 1200 روپے اور پنڈی بٹھیاں سے ملتان تک کے لیے 1600 روپے ٹول ٹیکس مقرر کیا گیا ہے۔

نان ایم ٹیگ گاڑیوں کے لیے ملتان سے سکھر 1800 روپے، ڈی آئی خان سے ہکلہ 1000 روپے، حسن ابدال سے مانسہرہ ایکسپریس وے تک 450 روپے ٹول ٹیکس مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح لاہور سے اسلام آباد کے لیے 1800 روپے اور کراچی سے حیدرآباد کے لیے 550 روپے ٹول ٹیکس مقرر کیا گیا ہے۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے نوٹی فکیشن کے مطابق کمرشل گاڑیوں، 2 اور 3 ایکسل ٹرکوں کے ٹول ٹیکس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ٹیگ کی حامل گاڑیوں کے ٹیکس میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایم ٹیگ ایک قسم کی الیکٹرانک چپ ہے جو گاڑی کی فرنٹ ونڈ اسکرین کی دائیں جانب لگائی جاتی ہے، ٹیگ اسکین ہوتے ہی گاڑی چلانے والے شخص کے ایم ٹیگ اکاؤنٹ سے مطلوبہ رقم کاٹ لی جاتی ہے اور اس طرح گاڑی بغیرکسی رکاوٹ کے ٹول ٹیکس کی ادائیگی کے بعد آگے بڑھ جاتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025