مالاکنڈ: 4 افراد نہر میں ڈوب گئے، بچے سمیت 3 جاں بحق

شائع June 5, 2025
— فوٹو: عمر باچا
— فوٹو: عمر باچا

خیبرپختونخوا کے ضلع مالاکنڈ کے علاقے درگئی میں خٹکو شاہ کے قریب نہر میں 4 افراد ڈوب گئے، افسوس ناک واقعے میں بچے سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ زندہ بچ جانے والے نوجوان کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ڈان ڈیجیٹل کے مطابق مالاکنڈ ضلع کی تحصیل درگئی کے علاقے خٹکو شاہ کے قریب مہاجرین کیمپ کے پاس نہر میں نہاتے ہوئے 4 افراد ڈوب گئے۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 مالاکنڈ کی غوطہ خور اور میڈیکل ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور مقامی افراد کی مدد سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔

ریسکیو 1122 کے انچارج اسٹیشن ناصر خان کا کہنا تھا کہ چاروں افراد شدید گرمی سے بچنے کے لیے نہر میں نہا رہے تھے کہ اس دوران وہ ڈوب گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 کے غوطہ خوروں کی مسلسل کوششوں کے بعد تمام افراد کو نہر سے نکال لیا گیا، تاہم ان میں سے 3 افراد جاں بحق ہو چکے تھے۔

ریسکیو انچارج نے بتایا کہ ریسکیو کیے گئے افراد میں ایک نوجوان کی سانسیں چل رہی تھیں، جسے ان کی ٹیم نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال درگئی منتقل کردیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ لاشیں نکالنے میں مقامی لوگوں نے بھی ریسکیو ٹیم کے ساتھ تعاون کیا۔

ریسکیو 1122 مالاکنڈ اسٹیشن کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت 32 سالہ عالم زیب، 26 سالہ محمد بلال اور 6 سالہ ارمان خان کے طور پر ہوئی جب کہ زخمی ہونے والے 17 سالہ سلمان خان کے طور پر شناخت کی گئی۔

دوسری جانب، اپر دیر کے علاقے گندگیر میں پنجکوڑہ دریا سے ایک دینی مدرسے کے طالبعلم کی لاش برآمد ہوئی۔

ریسکیو 1122 اپر دیر کے ترجمان ابراہیم خان نے ڈان ڈیجیٹل کو بتایا کہ مدرسے کا طالبعلم 3 روز قبل پنجکوڑہ دریا میں ڈوب گیا تھا، جس کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کیا گیا تھا، بالآخر 3 دن بعد اس کی لاش دریا سے نکال لی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ اس تلاش میں ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس ٹیموں نے حصہ لیا، طالبعلم کی شناخت محمد ہلال خان کے طور پر ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 28 جون 2025
کارٹون : 27 جون 2025