وزیراعظم اور آرمی چیف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان گہرے، اسٹریٹجک اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مکہ مکرمہ میں ہونے والی ملاقات میں شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحٰق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔
اعلامیے کے مطابق حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو عید کی مبارکباد پیش کی اور دنیا بھر سے حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود عازمین کے لیے مملکت کی مہمان نوازی اور خدمات کو سراہا۔
شہباز شریف نے حرمین شریفین کے متولی اور ولی عہد کی محفوظ اور بہترین حج انتظامات یقینی بنانے کی قابل ذکر کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران سعودی عرب کے فعال کردار اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے عزم کو سراہا۔
انہوں نے بتایا کہ بھارتی جارحیت کے پیش نظر پاکستان نے ذمہ دارانہ تحمل کی پالیسی اپنائی، مزید کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے غزہ کی سنگین انسانی صورتحال پر بھی تفصیلی بات چیت کی، انہوں نے بین الاقوامی برادری پر اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داریوں کو پورا کرنے پر زور دیتے ہوئے مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا، جو عرب امن اقدام اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر مبنی ہے۔
’سعودی ولی عہد نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی‘
وزیر اعظم شہباز شریف نے سیاسی، اقتصادی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی بڑھتی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا، دونوں رہنماؤں نے قیادت کے مشترکہ وژن اور دونوں ممالک کے برادر عوام کی امنگوں کے مطابق اس اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید بلند کرنے پر اتفاق کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کثیر الجہتی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے باہمی عزم کا اعادہ کیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے سرکاری دورہ کی دعوت دی، جسے ولی عہد نے خوش اسلوبی سے قبول کر لیا۔
شہباز شریف دورہ مکمل کر کے پاکستان روانہ
دریں اثنا، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف دو روزہ دورہ سعودی عرب مکمل کر کے پاکستان کے لیے روانہ ہو گئے۔
سرکاری ٹیلی ویژن پی ٹی وی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ شہباز شریف اپنا سعودی عرب کا دورہ مکمل کرکے پاکستان کے لیے روانہ ہو گئے۔
مزید بتایا کہ گورنر جدہ، شہزادہ سعود بن عبداللہ جلاوی، سعودیہ عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی، پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق اور اعلی سفارتی اہلکاروں نے جدہ ایئرپورٹ پر وزیرِ اعظم کو الوداع کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستانی وفد نے سعودی عرب کے دورے کے دوران گزشتہ شب عمرے کی سعادت حاصل کی تھی، پاکستانی وفد کے لیے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا تھا۔
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے وفد کے ہمراہ خانہ کعبہ میں نوافل ادا کیے اور آپریشن بنیان مرصوص کی عظیم فتح پر اللہ کا شکر ادا کیا تھا۔
پاکستانی وفد نے معاشی میدان اور عوامی فلاح کے لیے کیے گئے حالیہ کامیاب اقدامات پر بھی اللہ کا شکر اداکیا تھا۔
وفد نے ملکی ترقی و خوشحالی کے ساتھ امت مسلمہ بالخصوص ظلم و جبر کا شکار کشمیری اور فلسطینی مسلمان بہن بھائیوں کے لیے خصوصی دعائیں کی تھیں۔