امید ہے بجٹ میں 5 سال پرانی کاروں کی درآمد کی اجازت دی جائے گی، ایچ ایم شہزاد
آل پاکستان موٹر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر ایچ ایم شہزاد نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ آنے والے بجٹ میں 5 سال پرانی کاروں کی درآمد کی اجازت دی جائے گی اور ڈیوٹیز میں کمی کی جائے گی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل امپورت کی اجازت دینے کا بھی امکان ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان اقدامات سے استعمال شدہ کاروں کی قیمتوں میں 5 لاکھ سے سے 10 لاکھ روپے تک کی کمی ہو سکتی ہے، اس طرح ان گاڑیوں کو 20 لاکھ روپے سے کم قیمت پر دستیابی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
ایچ ایم شہزاد نے نشاندہی کی کہ جاپان میں 5 سال پرانی گاڑی کی قیمت 3 ہزار سے 4 ہزار ڈالر ہے، اس کے مقابلے میں 3 سال پرانی گاڑی 8 ہزار ڈالر میں ملتی ہے، جبکہ مقامی طور پر اسمبل شدہ 660 سی سی کار کی قیمت 30 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیوٹی میں کمی اور 5 سال پرانی کاروں کو منگوانے کی اجازت دینے سے استعمال شدہ کاروں کی درآمدات 30 ہزار سے بڑھ کر 80 ہزار تک پہنچ سکتی ہیں، جس سے اضافی ریونیو حاصل ہوگا۔













لائیو ٹی وی