آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب

شائع June 9, 2025
— فائل فوٹو: پی آئی ڈی
— فائل فوٹو: پی آئی ڈی

آئندہ مالی سال کا بجٹ کل پیش کیا جائے گا جس کی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل سہ پہر 4 بجے پارلیمنٹ ہاوس میں طلب کرلیا گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کل وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا جس میں بجٹ تجاویز کی منظوری دی جائے گی۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ سے فنانس بل کی منظوری لے کر قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، کابینہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، پینشن میں اضافے کی تجاویز کی حتمی منظوری دے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وفاقی بجٹ 26-2025 کے لیے قومی اسمبلی کے شیڈول کی منظوری دی تھی۔

شیڈول کے مطابق وفاقی بجٹ 10 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، 11 اور 12 جون کو قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں ہوگا جب کہ 13 جون کو اسمبلی میں وفاقی بجٹ پر بحث کا آغاز ہوگا۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں موجود پارلیمانی جماعتوں کو قواعد و ضوابط کے مطابق بحث کے لیے وقت دیا جائے گا جب کہ وفاقی بجٹ پر بحث 21 جون تک جاری رہے گی۔

دوسری جانب، وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے اسلام آباد میں قومی اقتصادی سروے پیش کرتے ہوئے بتایا کہ عالمی مجموعی پیداوار میں کمی کے باوجود ملکی مجموعی پیداوار میں اضافہ دیکھا گیا، جی ڈی پی میں اضافہ معاشی ترقی کا اشارہ ہے۔

وفاقی وزیرخزانہ نے کہا سال 2023 میں ہماری شرح نمو کی گروتھ منفی، مالی سال 2024 میں 2.5 فیصد اور 2025 میں بڑھ کر 2.7 فیصد ہو چکی ہے جب کہ 2023 میں ہمارے پاس صرف دو ہفتے کے ذخائر موجود تھے، اُس کے بعد سے معیشت میں بتدریج بہتری آرہی ہے اور افراطِ زر میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025