آئندہ مالی سال میں 16 منصوبے حکومت سندھ کے بجائے وفاقی وزارت ہاؤسنگ کو دے دیے گئے

شائع June 10, 2025
فائل فوٹو:  ڈان نیوز
فائل فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال میں سندھ کے 16 ترقیاتی منصوبے حکومت سندھ کو دینے کے بجائے وفاقی وزارت ہاؤسنگ کو دے دیے، وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے اقدام کو صوبائی خودمختاری پرحملہ قرار دے دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق نئے مالی سال 26-2025 میں کراچی،حیدرآباد، سکھر، نوابشاہ اور میرپورخاص کے 16 ترقیاتی منصوبے وفاقی وزارت ہاؤسنگ کو دے دیے گئے، ان منصوبوں میں حیدرآباد کےروڈ، سیوریج کی تعمیر، کراچی میں ضلع وسطی، شرقی، کورنگی،ملیر اور غربی کے روڈ اور سیوریج کی تعمیر شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے وفاقی حکومت کے اقدام کو صوبائی خودمختاری پرحملہ قرار دیا ہے۔

وفاقی وزارت ہاؤسنگ کے حوالے کیے گئے منصوبوں میں سکھر، نوابشاہ اور میرپورخاص کی یوسیز اور وارڈز میں واٹرسپلائی، سیوریج لائنوں ،سولرلائیٹس کی تنصیب ، لطیف آباد حیدرآباد میں روڈ کی تعمیر کے چھ منصوبے اور کراچی کے کار بازار ضلع وسطی میں پارک کی تعمیر بھی شامل ہے۔

اس کے علاوہ ضلع وسطی کراچی میں پاک ایشین فٹبال گراؤنڈ کی تعمیر، ضلع غربی ، ضلع وسطی ، ضلع کورنگی میں انفرااسٹرکچر کی بحالی ، روڈ واٹر لائن، سیوریج ، پارک اور کھیل کے میدان کی تعمیر کے منصوبے بھی وفاقی وزارت ہاؤسنگ کو دیے گئے ہیں۔

حیدرآباد میں حسین آباد سے کوہسار تک واٹر سپلائی لائن کا کام بھی وفاقی وزارت کے حوالے کردیا گیا ہے، صرف دو منصوبے گرین لائن بی آر ٹی کی تعمیر اور گرین لائن بی آر ٹی کو فعال بنانے کی ذمہ داری حکومت سندھ کو دی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025