تنخواہ دار طبقہ پوچھ رہا ہے اشرافیہ نے کتنا بوجھ اٹھایا ہے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ایسے مقام پر کھڑا ہے جہاں ہمیں آگے بڑھنا ہے، تمام معاشی اشاریے باعث اطمینان ہیں، برآمدات اور ترسیلات زر، آئی ٹی ایکسپورٹس میں اضافہ ہوا ہے۔
آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کیے جانے سے قبل وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں جو ظلم ہورہا ہے اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، یہ وقت ہے کہ عالمی طاقتیں اپنا اثر بروئے کار لاتے ہوئے جنگ بندی کا اہتمام کریں، کیونکہ وہاں بے گناہ مسلمانوں کا خون بہایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ فلسطین اور کشمیر کے عوام کو آزادی ملے گی، پاکستان کے عوام کشمیری اور فلسیطنی بھائیوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے سوا سال میں جن سنگین حالات اور چیلنجز کا پوری قوم اور حکومت نے سامنا کیا وہ کسی بھی لحاظ سے معمولی کامیابی نہیں، عام آدمی نے جو قربانیاں دی ہیں، تنخواہ دار طبقے نے جو پچھلے بجٹ کے حوالے سے جو بوجھ اٹھایا ہے وہ کہتے ہیں کہ اشرافیہ نے کتنا بوجھ اٹھایا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ وقت آگیا ہے کہ آئندہ بجٹ کے بعد ہمیں معاشی ترقی پر توجہ دینی ہے، ہم نے روایتی جنگ میں اپنے دشمن کو شکست فاش دی ہے، اسی سے آپ اندازہ کرلیں کہ اگر یہ جنون اور یہ تڑپ ہو کہ ہم نے معاشی میدان میں بھی آگے نکلنا ہے اور مخالفین کو پیچھے چھوڑنا ہے اور پاکستان کو اس کا حق دلوانا ہے تو یہ مشکل ضرو رہے مگر ناممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر آگے بڑھنا ہوگا، قوم اس وقت پوری طرح متحد ہے، یہ لمحہ صدیوں میں آتا ہے اور ہمیں اس لمحے کو ضائع نہیں کرنا، اور شبانہ روز محنت سے آگے بڑھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس عرصے میں پاکستان ایسے مقام پر کھڑا ہے جہاں ہمیں آگے بڑھنا ہے، تمام معاشی اشاریے باعث اطمینان ہیں، برآمدات اور ترسیلات زر، آئی ٹی ایکسپورٹس میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح اس جنگ میں ہم نے دشمن کو شکست فاش دی، اسی طرح پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے حوالے سے اس کی جو دھمکیاں ہیں، اول تو وہ ایسا کر نہیں سکتا، معاہدے میں کوئی ایسی شق نہیں ہے، نہ اس کو کوئی حق ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنے حق کا ایک ایک قطرہ پانی لے کر رہیں گے اور اس میں کوئی خلل برداشت نہیں کریں گے اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہم اس مرحلے میں بھی ضرور کامیاب ہوں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پانی کے معاملے پر میں نائب وزیراعظم ، تمام وزرا ، سیکریٹری اور ماہرین جو اس کمیٹی میں شامل تھے میں ان کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ پانی کو ذخیرہ کرنے کے مسئلے کو واضح کرنے کے لیے اس کمیٹی نے بڑی محنت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں بجٹ کے حوالے سے وزیرخزانہ اور ان کی ٹیم، اور متعلقہ وزرا اور وزارتوں کا شکرگزار ہوں کہ آپ نے بڑی عرق ریزی سے بجٹ کی تیاری کی ہے۔













لائیو ٹی وی