لاہور: خاتون سوشل میڈیا ایکٹوسٹ سے ریپ اور ویڈیو بناکر بلیک میل کرنے پر 5 افراد کیخلاف مقدمہ
لاہور کے علاقے نواں ٹاؤن کی پولیس نے ایک خاتون سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کے ساتھ مبینہ ریپ کرنے، ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے الزامات پر 5 افراد کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ایک شخص ’س‘ نے ان سے سوشل میڈیا پر رابطہ کیا اور جلد ہی قریبی دوستی قائم ہو گئی، وہ اکثر انہیں شہر کے مختلف ریسٹورنٹس میں لے جاتا جہاں وہ وقت گزارتے اور کھانا کھاتے۔
خاتون کے مطابق مذکورہ شخص نے ایک روز انہیں رائیونڈ روڈ پر ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع اپنے گھر بلایا، خاتون کے مطابق انہوں نے اس شخص پر اعتماد کیا اور اس کے گھر چلی گئی، جہاں ملزم نے کھانے میں نشہ آور چیز ملا کر انہیں بےہوش کیا اور ان کا ریپ کردیا۔
خاتون نے بیان دیا کہ جب وہ واپس گھر پہنچی تو انہیں زیادتی کا علم ہوا، لیکن انہوں نے خاموشی اختیار کی، کچھ دن بعد ملزم نے ان کی ایک نازیبا ویڈیو ان کے موبائل پر بھیجی جس سے انہیں معلوم ہوا کہ ان کے ساتھ کیا ہوا ہے۔
خاتون کے مطابق جب انہوں نے ملزم سے ویڈیوز ڈیلیٹ کرنے کو کہا تو اس نے وعدہ کیا، لیکن اس کے بعد انہیں بلیک میل کرتے ہوئے مزید جسمانی تعلقات پر مجبور کیا، اس دوران ملزم نے دوبارہ دو بار زیادتی کی اور ویڈیوز ڈیلیٹ کرنے سے انکار کر دیا۔
خاتون نے مزید بتایا کہ وہ اپنی بڑی بہن کے ساتھ دوبارہ ملزم کے گھر گئی تاکہ مسئلہ حل کیا جا سکے، وہاں موجود اس کے چار ساتھی، جن میں ایک معروف یوٹیوبر ’ر‘ سمیت ’م‘، ’ج‘ اور ’جھ‘ شامل تھے، نے دونوں بہنوں کو ایک کمرے میں بند کر کے ہراساں کیا، بعد ازاں ان کے موبائل سے ویڈیوز ڈیلیٹ کی گئیں مگر جاتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔
پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم تاحال کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، متاثرہ لڑکی نے پولیس سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔