’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ میں اداکاری کا معاوضہ نہیں لیا تھا، فہد مصطفیٰ کا انکشاف
مقبول اداکار فہد مصطفیٰ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 2018 میں ریلیز ہونے والی مقبول فلم ’جوانی پھر نہیں آںی 2‘ میں کام کا معاوضہ نہیں لیا تھا۔
’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ پروڈیوسر و اداکار ہمایوں سعید کی 2015 میں آنے والی رومانٹک کامیڈی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کا سیکوئل تھی۔
سیریز کی دوسری فلم میں فہد مصطفیٰ، ہمایوں سعید، احمد علی بٹ، واسع چوہدری، ماورا حسین، کبریٰ خان، ثروت گیلانی، عظمیٰ خان، سفینا بہروز اور سہیل احمد سمیت دیگر اداکار شامل تھے۔
کچھ عرصہ قبل ہمایوں سعید نے عندیہ دیا تھا کہ وہ سیریز کی تیسری فلم بھی بنائیں گے لیکن انہوں نے اس ضمن میں مزید کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی تھی۔
اب فہد مصطفیٰ نے اس حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ میں کام کرنے کا معاوضہ نہیں لیا تھا۔
فہد مصطفیٰ نے عید کے موقع پر ’اے آر وائے‘ کے سلیبرٹی ٹاک شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے ایک بار پھر اس تاثر کو مسترد کیا کہ وہ اپنے مقبول ڈرامے ’کبھی میں، کبھی تم‘ کا سیکوئل بنائیں گے۔
پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ اگر ’جوانی پھر نہیں آنی 3‘ بنائی گئی اور انہیں کاسٹ کیا گیا تو وہ ضرور فلم میں کام کریں گے۔
ان کے مطابق وہ مذکورہ فلم سیریز میں کسی سے مقابلہ یا ٹکر لینے کے لیے کام نہیں کرتے بلکہ انہیں فلم کی ٹیم اور کاسٹ بہت اچھی لگتی ہے، اس لیے وہ مذکورہ سیریز میں کام کرتے ہیں۔
انہوں نے ہمایوں سعید کو خود سے بڑا بھی قرار دیا اور کہا کہ وہ ان کی عزت کرتے ہیں، یہی بات ان کے لیے بڑا اعزاز ہے۔
فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کا علم نہیں کہ سیریز کی تیسری فلم بھی بنائی جائے گی یا نہیں لیکن اگر ہمایوں سعید کہ رہے ہیں تو ضرور تیسری فلم بھی بنے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر انہیں کاسٹ کیا گیا تو وہ ضرور تیسری فلم کا بھی حصہ بنیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ میں کام کا معاوضہ نہیں لیا تھا اور یہ کہ اگر تیسری فلم میں بھی وہ کام کریں گے تو بھی وہ معاوضہ نہیں لیں گے۔
انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ فلم میں بلامعاوضہ کام کرنے کے باوجود ہمایوں سعید نے انہیں آئی فون سمیت دوسری کسی قیمتی چیز کا تحفہ نہیں دیا۔













لائیو ٹی وی