حکومت صوبائی بجٹ میں الیکٹرک ٹیکسیز اور اسکوٹرز کیلئے فنڈز مختص کریگی، شرجیل میمن
سندھ حکومت نے مالی سال 26-2025 میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مزید الیکٹرک بسوں کی خریداری، الیکٹرک ٹیکسیوں اور اسکوٹرز کے لیے فنڈز مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ایک اجلاس میں کیا گیا، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد زامین، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (ایس ایم ٹی اے) کے منیجنگ ڈائریکٹر کمال دیو، ٹرانس کراچی کے سی ای او فواد غفار سومرو اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں پیپلز بس سروس، ای وی اسکوٹرز اور دیگر منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، اس کے علاوہ صوبے کے مختلف مقامات پر الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ اسٹیشنز کے قیام پر بھی غور کیا گیا۔
صوبائی وزیر کو مالی سال 25-2024 کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی اور آئندہ مالی سال کے لیے مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، بتایا گیا کہ مختلف سرمایہ کار پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بس سروسز کا آغاز کر رہے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ یلو لائن بی آر ٹی کے اہم حصے جام صادق پُل پر کام مکمل ہو چکا ہے اور جلد افتتاح متوقع ہے جبکہ ریڈ لائن بی آر ٹی کے منصوبے کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت ماحول دوست اور جدید پبلک ٹرانسپورٹ نظام قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے، ہم نے ای وی بسیں، پیپلز بس سروس جیسے کامیاب منصوبے شروع کیے ہیں اور اب انہیں کراچی کے ہر کونے تک پھیلایا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نئی بسوں کی کھیپ جلد کراچی پہنچے گی اور ڈبل ڈیکر بسیں بھی متعارف کرائی جا رہی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد ہر شہری کو سستی اور جدید سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔
چینی کمپنی چیری ہولڈنگز گروپ (سی ایچ جی) کے صدر دفتر ووہو چین کے حالیہ دورے میں شرجیل میمن نے اعلان کیا تھا کہ سندھ کے تمام اضلاع میں ہر 50 کلومیٹر کے فاصلے پر ای وی چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، کمپنی نے صوبے بھر میں ای وی چارجنگ انفرااسٹرکچر نصب کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔
حال ہی میں چین کے شہر وہو میں چینی آٹوموبائل کمپنی چیری ہولڈنگز گروپ کے ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران شرجیل میمن نے اعلان کیا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں ہر 50 کلومیٹر کے فاصلے پر الیکٹرک گاڑیوں کے لیے ایک چارجنگ اسٹیشن قائم کیا جائے گا۔
ملاقات کے دوران کمپنی نے سندھ بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ بنیادی ڈھانچے کو نصب کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، شرجیل میمن نے کہا کہ باقاعدہ فاصلے پر الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز کے قیام سے الیکٹرک موٹر سائیکلوں، گاڑیوں اور ٹرکوں کے مالکان کو فائدہ ہوگا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ یہ اقدامات صرف ماحولیاتی تحفظ کے لیے نہیں بلکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے بھی اہم ہیں، انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی میں ای وی منی ٹرکوں کی اسمبلنگ فیکٹری بھی قائم کی جا رہی ہے۔