• KHI: Partly Cloudy 23°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.3°C
  • ISB: Cloudy 13.7°C
  • KHI: Partly Cloudy 23°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.3°C
  • ISB: Cloudy 13.7°C

والدہ کے انتقال کے بعد خودکشی کرنے کی کوشش کی، شاہد حمید

شائع June 11, 2025
—اسکرین گریب
—اسکرین گریب

ماضی کے مقبول اداکار شاہد حمید نے انکشاف کیا ہے کہ والدہ کے انتقال کے بعد انہوں نے محض 14 سال کی عمر میں خودکشی کرنے کی کوشش کی تھی۔

شاہد حمید نے حال ہی میں پروگرام ’زبردست وِد وصی شاہ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔

اداکار نے بتایا کہ کیریئر کے آغاز میں ان کے والد کو معلوم نہیں تھا کہ وہ اداکاری کررہے ہیں، جب والد کو اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے سخت ردِعمل دیا اور انہیں بہت مارا۔

انہوں نے بتایا کہ فلم ’گھرانہ‘ میں والدہ کی وفات کا منظر ان کی ذاتی زندگی سے حیرت انگیز طور پر مشابہت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اصل زندگی میں بھی جب میں اسکول سے واپس آیا اور جیسے ہی کمرے میں داخل ہوا تو میری والدہ کی وفات ہوچکی تھی۔

شاہد حمید کے مطابق اس وقت ان کی عمر صرف 9 سال تھی لیکن وہ لمحہ آج تک ان کے ذہن میں تازہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ والدہ کی موت کا انہیں اس قدر گہرا صدمہ ہوا تھا کہ انہوں نے 14 سال کی عمر میں خودکشی کی کوشش کی تھی۔

ان کا کہنا تھاکہ میں اس صدمے کو بھلا نہیں پارہا تھا اور ہر شخص میں ماں جیسی ممتا تلاش کرنے لگا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں شاہد حمید نے کہا کہ انہوں نے کبھی اپنے اسکینڈلز کو چھپانے کی کوشش نہیں کی اور میڈیا میں ان کے حوالے سے جو خبریں آئیں، ان میں سے صرف چالیس فیصد درست تھیں۔

انہوں نے کہا کہ کئی بار ان کے بارے میں غلط باتیں پھیلائی گئیں، جیسے پانی کے گلاس کو شراب کا گلاس قرار دیا گیا، جو کہ سراسر غلط تھا۔

شاہد حمید نے ایک واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ ایک بار میں ورزش کے بعد پانی پی رہا تھا، وہاں ایک صاحب بھی موجود تھے جنہوں نے گلاس کے ساتھ میری تصویر کھینچ لی اور یہ خبر پھیلا دی کہ میں نے شراب پینی چھوڑ دی ہے، حالانکہ ایسی کوئی بات نہیں تھی اور اس خبر کی وجہ سے کئی لوگوں کی میرے بارے میں رائے خراب ہوگئی، جس کا مجھے افسوس ہے۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025