کراچی: موبائل فون چھیننے کے مقدمے میں دو ملزمان کو 22، 22 سال قید کی سزا
کراچی میں موبائل فون چھیننے کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر دو ملزمان کو مجموعی طور پر 22، 22 سال کی سزا سنادی گئی، عدالت نے اپنی آبزرویشن میں کہا کہ ایسے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ضلع شرقی کی عدالت نےگلشن اقبال کے علاقے میں شہری سے موبائل چھیننے کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر دو ملزمان ایڈون اور شہباز کو مجموعی طور پر 22، 22 سال قید کی سزا سنادی۔
ملزمان کو پولیس ،اقدام قتل اور غیر قانونی اسلحے کے مقدمے میں سزا سنائی گئی ہے، پراسکیوشن کے مطابق پیٹرولنگ پر موجود پولیس پارٹی نے مشکوک موٹر سائیکل سوار دو افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی تھی، جس کے بعد پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا تھا۔