کراچی: ٹریفک حادثات میں پولیس اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق
کراچی میں لاپرواہی اور غفلت سے گاڑی چلانے کے نتیجے میں پیش آنے والے مختلف سڑک حادثات میں پولیس اہلکار سمیت 3 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ دو زخمی ہوگئے۔
واضح رہے کہ شہر میں حال ہی میں ٹریفک حادثات میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، خاص طور پر بھاری گاڑیوں بشمول ڈمپروں اور پانی کے ٹینکروں سے ہونے والے حادثات بڑھ گئے، ہسپتال کے اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں ان حادثات میں تقریباً 500 افراد جاں بحق اور 4879 زخمی ہوئے تھے۔
شرافی گوٹھ کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) راجا خالد کے مطابق کورنگی علاقے میں بس کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا، راجا خالد نے بتایا کہ متاثرین موٹر سائیکل پر سوار تھے، جب ایک نجی کمپنی کی بس نے انہیں کچل دیا، جس کے نتیجے میں ایک موٹر سائیکل سوار کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور دوسرا زخمی ہو گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈرائیور کو گرفتار کرکے گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا، جبکہ لاش اور زخمی شخص کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایک اور واقعے میں، گڈاپ سٹی پولیس کے ایس ایچ او سرفراز جتوئی نے بتایا کہ سپر ہائی وے پر ایک حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق اور اس کی بیوی زخمی ہو گئی۔
انہوں نے بتایا کہ جوڑا موٹر سائیکل پر سفر کر رہا تھا جب کاٹھور کے قریب ایک نامعلوم گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی، زخمی جوڑے کو قریبی نجی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں شوہر کو مردہ قرار دے دیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حادثے میں بیوی کو معمولی چوٹیں آئیں، رشتہ داروں نے پولیس سے کہا کہ وہ کوئی قانونی کارروائی نہیں چاہتے۔
دریں اثنا، سعید آباد کے ایس ایچ او پرویز سولنگی کے مطابق، بلدیہ میں ایک ہٹ اینڈ رن واقعے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا، پولیس اہلکار کام پر جا رہا تھا جب ایک نامعلوم گاڑی نے اسے ٹکر مار دی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، متوفی کی لاش کو سول ہسپتال پہنچایا گیا۔