حکومت پنجاب کا رویہ متکبرانہ اور سیاسی حق تلفیوں پر مبنی ہے، شرجیل میمن
سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ موجودہ پنجاب حکومت کا رویہ متکبرانہ ہے، یہ تاثر ختم کرنا ہوگا کہ پنجاب کسی ایک جماعت کی جاگیر ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ پنجاب حکومت کا رویہ متکبرانہ اور سیاسی حق تلفیوں پر مبنی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نفرت اور تقسیم در تقسیم کی سیاست کو ہوا دینے لگی ہے، جو افسوسناک امر ہے، اور یہ تاثر ختم کرنا ہوگا کہ پنجاب کسی ایک جماعت کی جاگیر ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے، بلدیاتی اداروں کی بات کی تو کیا غلط کہا، بلدیاتی انتخابات کا مطالبہ آئین کے خلاف ہے یا پھر پنجاب میں عوام کو ان کا بنیادی حق دلانا جرم ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ایک وفاقی جماعت ہے، اور ہم صرف سندھ تک محدود نہیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت، مقامی حکومتوں اور عوامی نمائندگی کی بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی ادارے فعال نہیں، نچلی سطح پر کوئی جواب دہ نظام موجود نہیں، تو ہم خاموش تماشائی بن کر نہیں بیٹھ سکتے۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہماری بھرپور سیاسی موجودگی ہے، ہمارے کارکن آج بھی گلی محلوں میں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، پنجاب میں بلدیاتی نظام کی بحالی، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی عوام کا حق ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نہ صرف بلدیاتی انتخابات کا مطالبہ کرتی رہے گی بلکہ ہم پنجاب کے عوام کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتے، مسلم لیگ (ن) پنجاب کے مینڈیٹ کی داعی ہے تو بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں کرواتی۔
ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی ادارے آئین میں موجود ہیں، اگر پنجاب حکومت بلدیاتی اداروں کو نہیں مانتی تو آئین کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا بڑا صوبہ بلدیاتی اداروں کے بجائے کمشنری نظام کے تحت معاملات چلائے تو افسوسناک عمل اور جمہوریت کے منافی ہے۔