ڈراما ’پرورش‘ میں عینا آصف کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو وائرل
نوجوان بچوں کے مسائل اور والدین کے چیلنجز کی کہانی پر مبنی ڈرامے ’پرورش‘ کی تازہ قسط میں والد کی جانب سے بیٹی (عینا آصف) کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس پر شائقین نے ڈراما اداکاروں کی اداکاری کی تعریفیں کیں۔
’پرورش‘ کو اے آر وائے پر نشر کیا جا رہا ہے، جس کی کہانی نوجوان بچوں کے مسائل اور والدین کے چیلنجز کے گرد گھومتی ہے۔
ڈرامے میں عینا آصف کے والد اپنی بیٹی کے نوجوان ہونے پر ان کی شادی ان کی خواہش کے بغیر خاندان میں ہی کرنا چاہتے ہیں اور وہ ان کی زبردستی منگنی بھی کردیتے ہیں، تاہم بعد میں ان کی بیٹی کے ساتھ سنگین مسائل ہونا شروع ہوجاتے ہیں۔
ڈرامے میں عینا آصف کے منگیتر انہیں ڈرانے، دھمکانے کے علاوہ ان پر جسمانی تشدد بھی کرتے ہیں لیکن وہ اپنے ہونے والے سسر کو غلط کہانی بتا کر ان کی بیٹی کو ان کی نظروں میں مزید خراب کرتے ہیں۔
اسی دوران ڈرامے کی 19 ویں قسط میں عینا آصف کے والد ان کے منگیتر کی جھوٹی کہانی بتانے پر گھر آنے پر بیٹی کو تھپڑ رسید کردیتے ہیں، جس پر عینا آصف کی والدہ بیٹی کے حق میں کھڑی ہوجاتی ہیں۔
بیٹی کو والد کی جانب سے تھپڑ رسید کیے جانے پر والدہ بیچ میں آکر شوہر کو کھری کھری سناتی ہیں اور انہیں صاف پیغام دیتی ہیں کہ وہ بیٹیوں پر تشدد برداشت نہیں کریں گی اور نہ ہی وہ کسی دوسرے غیر شخص کی جھوٹی کہانیوں کی طرفداری کریں گی۔
عینا آصف کی والدہ شوہر کو بتاتی ہیں کہ انہیں بیٹی کے منگیتر نے جھوٹی کہانی بتائی، سچ تو یہ ہے کہ ان کے منگیتر ان پر تشدد کرتے ہیں، وہ گھر آکر ان کے ساتھ زبردستی کرتے ہیں اور یہ باتیں سن کر عینا آصف کے والد کو پچھتاوا بھی ہوتا ہے۔
ڈرامے کی 19 ویں قسط میں والد کی جانب سے عینا آصف کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور صارفین نے اس پر تبصرے کرتے ہوئے تمام اداکاروں کی تعریفیں کیں۔
خصوصی طور پر ڈراما شائقین نے عینا آصف اور ان کی والدہ کی اداکاری کو سراہا اور لکھا کہ دونوں نے شاندار منظر نگاری کرکے دل جیت لیے۔












لائیو ٹی وی