شعیب اختر نے ڈاکٹر نعمان نیاز کے لیگل نوٹس کا جواب بھجوا دیا
قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے معروف صحافی ڈاکٹر نعمان نیاز کے لیگل نوٹس کا جواب بھجوا دیا جس میں انہوں نے تمام الزامات کو مسترد کردیا۔
معروف صحافی و ڈاکٹر نعمان نیاز اور شعیب اختر کے درمیان قانونی جنگ میں نیا موڑ آگیا، راولپنڈی ایکسپریس نے نامور صحافی کے لیگل نوٹس کا جواب بھجوادیا۔
شعیب اختر نے ایڈوکیٹ ابوزر سلمان خان نیازی کی وساطت سے لیگل نوٹس کا جواب دیا جس میں نعمان نیاز کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات کو رد کر دیا.
راولپنڈی ایکسپریس کی جانب سے بھجوائے گئے جواب میں کہا گیا کہ شعیب اختر کا بیان لائیو شو کے دوران ایک عام سی گفتگو تھی، اس تبصرے کو ہتک آمیز تصور نہ کیا جائے۔
جواب میں کہا گیا کہ شعیب اختر کا نعمان نیاز کی شہرت کو نقصان پہنچانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، سابق فاسٹ باؤلر نے محض حقائق اور معلومات بیان کیں۔
مزید کہا گیا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ نعمان نیاز پاکستان کرکٹ ٹیم کے سامان کے انچارج تھے اور وہ اکثر کھلاڑیوں کے بیگ اٹھایا کرتے تھے اور اس میں کوئی توہین آمیز بات نہیں ہے۔
شعیب اختر نے اپنے جواب میں کہا کہ نعمان نیاز کی کھانوں کے بارے میں معلومات کی بنا پر انہیں ٹیم پلیرز کے لیے کھانا فراہم کرنے کا بھی ٹاسک دیا جاتا تھا۔
مزید کہا گیا کہ نعمان نیاز لیگل نوٹس واپس لے کر معافی مانگیں اور اگر شعیب اختر کو قانونی معاملات میں گھسیٹا گیا تو ہم بھی اس کا بھرپور دفاع کریں گے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر نعمان کی جانب سے بھیجے گئے لیگل نوٹس میں کہا گیا تھا کہ شعیب اختر نے نعمان نیاز کے خلاف 25 مئی کو ایک آن لائن پروگرام میں نامناسب الفاظ کہے تھے۔
نوٹس میں کہا گیا کہ ڈاکٹر نعمان نیاَز مایہ ناز اسپورٹس جرنلسٹ اور اینکر بھی ہیں، شعیب اختر 14 دن میں نعمان نیاز سے معافی مانگیں، ورنہ سابق فاسٹ باؤلر کے خلاف عدالت میں ایک ارب روپے کا ہتک عزت کا دعوی دائر کیا جائے گا۔