عتیقہ اوڈھو کو شادی کی پہلی رات سے متعلق تبصرے پر تنقید کا سامنا
سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو کو شادی کی پہلی رات سے متعلق تبصرے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
عتیقہ اوڈھو نے حال ہی میں ’24 نیوز‘ کے پروگرام ’کیا ڈرامہ ہے‘ میں ارینج میریجز اور سہاگ رات کے موضوع پر اظہارِ خیال کیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ زبردستی کی شادیاں اُن کے نزدیک قابلِ اعتراض ہیں، کیونکہ جب شادی پہلے سے طے شدہ ہو اور جوڑا ایک دوسرے کو جانتا نہ ہو تو اُس کا منفی اثر اُن کی ذاتی اور جذباتی صحت پر پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے زبردستی کی شادیاں بہت عجیب لگتی ہیں، کیسے ممکن ہے کہ دو لوگ، جو ایک دوسرے کو جانتے تک نہیں، یہاں تک کہ جن کی شکلیں بھی اجنبی ہوں، وہ شادی جیسے رشتے میں بندھ جائیں؟
اداکارہ نے مزید کہا کہ ہم ایک قدامت پسند معاشرے میں رہتے ہیں، جہاں لڑکے اور لڑکیاں شادی سے پہلے ایک دوسرے کو نہیں جانتے، پھر جب سہاگ رات آتی ہے تو انہیں ایک اجنبی کے ساتھ قربت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جو کسی کے لیے بھی تکلیف دہ ہوسکتا ہے۔
عتیقہ اوڈھو نے انکشاف کیا کہ وہ اکثر شادی شدہ جوڑوں سے سہاگ رات کے تجربات کے بارے میں سوال کرتی ہیں۔
اداکارہ کے مطابق میں اُن سے پوچھتی ہوں کہ جب آپ ایک دوسرے کو جانتے ہی نہیں تھے، تو آپ نے اُس رات کو کیسا محسوس کیا؟
عتیقہ اوڈھو کے اِن تبصروں پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
کئی صارفین نے عتیقہ اوڈھو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اداکارہ کی خود کی تین محبت کی شادیوں کا ناکام انجام ہوا، اگر وہ اپنے شریکِ حیات کو پہلے سے جانتی تھیں تو شادیاں کیوں نہیں چل سکیں؟

کچھ صارفین نے کہا کہ ایسے حساس موضوعات پر تبصرے عوامی پروگرامز میں نہیں کرنے چاہئیں، کیونکہ انہیں ہر عمر کے افراد دیکھتے ہیں، کچھ لوگوں نے یہاں تک سوال اٹھایا کہ پیمرا اس حوالے سے کیا اقدامات کر رہا ہے؟
