ایران نے اسرائیل پر جوابی ڈرون حملوں کی تردید کردی
ایران نے اسرائیلی حملوں کے جواب میں ڈرون حملے کرنے کی تردید کردی۔
عرب خبر رساں ادارے العریبیہ کی رپورٹ میں ایرانی کی فارس نیوز ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران نے اسرائیل کے حملے کے جواب میں حملہ آور ڈرون نہیں بھیجے۔
فارس نیوز ایجنسی نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ ایران نے ان اسرائیلی رپورٹس کی تردید کی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ تہران نے جمعہ کو اسرائیل کی طرف ڈرون داغے ہیں۔
فارس نیوز ایجنسی نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے مزید بتایا کہ ایران اسرائیلی حملوں کا انتقام مستقبل قریب میں لے گا۔
واضح رہے کہ آج علی الصبح اسرائیل نے ایران پر بڑا حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری اور ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی سمیت 4 اعلیٰ فوجی افسران اور 6 جوہری سائنسدان شہید ہوگئے۔
اسرائیل نے حملے میں ایران کے جوہری اور عسکری مراکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ایرانی میڈیا کے مطابق حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 5 شہری شہید اور 50 زخمی ہوئے ہیں۔
بعدازاں اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پر اسرائیل کے فضائی حملوں کے بعد، ایران کی جانب سے تقریباً 100 ڈرونز اسرائیل کی طرف بھیجے گئے ہیں جنہیں اسرائیلی فوج نے ملکی حدود سے باہر ہی روکنا شروع کر دیا ہے