اسرائیل کا ایران پر پھر حملہ، ہمدان کے نوجہ ایئربیس کو نشانہ بنایا
اسرائیلی فضائیہ نے ایران پر پھر فضائی حملے کیے ہیں اور ہمدان شہر میں واقع نوجہ ایئربیس کو نشانہ بنایا ہے۔
ترکیہ کی خبررساں ایجنسی انادولو ایجنسی نے ایران کی فارس نیوز ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے ایران کے مغربی شہر ہمدان میں واقع نوجہ ایئربیس کو ایک گھنٹے کے دوران دو بار حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
انادولو ایجنسی کے مطابق جانی و مالی نقصان کی تفصیلات فوری طور پر دستیاب نہیں ہو سکیں۔
قبل ازیں فارس نیوز ایجنسی کے حوالے سے عالمی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ اسرائیلی فضائی حملوں کم از کم 78 افراد شہید اور 329 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ آج علی الصبح اسرائیل نے ایران پر بڑا حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری اور ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی سمیت 4 اعلیٰ فوجی افسران اور 6 جوہری سائنسدان شہید ہوگئے۔
اسرائیلی حملوں پر ردعمل میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے خبردار کیا کہ اسرائیلی حکومت نے ایران پر رات کے وقت کیے گئے حملوں سے اپنی تلخ اور تکلیف دہ تقدیر رقم کر دی ہے۔
اسرائیلی حملے کے بعد ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل اپنی احمقانہ اور سفاکانہ جارحیت پر پچھتائے گا، اسے بھرپور جواب دیں گے۔