بھارت : دریا پر بنا پُل گرنے سے 6 افراد ہلاک، 32 زخمی

شائع June 15, 2025
فائل فوٹو: اے ایف پی
فائل فوٹو: اے ایف پی

بھارت کے شہر پونے میں دریا پر بنا پُل گرنے سے کم ا زکم 6 افراد ہلاک اور 32 زخمی ہوگئے، جبکہ 25 افراد کے دریا میں بہہ جانے کا خدشہ ہے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ اور العریبیہ کے مطابق مہاراشٹر کے ضلع پُونے میں اتوار کی سہ پہر دریائے اندراینی پر بنا ایک قدیم آہنی پُل گرنے سے کم از کم 6 افراد ہلاک ہوگئے، ہیں جبکہ 25 کے لگ بھگ افراد کے دریا میں ڈوب جانے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

یہ واقعہ دوپہر 3:30 بجے کے قریب کنڈمالا علاقے کے نزدیک مشہور سیاحتی مقام ماؤل تحصیل میں پیش آیا، عینی شاہدین کے مطابق پُل پر سیاحوں کا رش تھا جب وہ سیاحوں کا وزن برداشت نہ کرتے ہوئے منہدم ہو گیا۔

حادثے کے مقام پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، 20 سے 25 افراد پُل کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جبکہ پانی کے ریلے میں بہنے والے متعدد افراد کو بچالیا گیا ہے۔

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس کے مطابق اس واقعے میں 32 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 6 کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں اسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف ) کی دو ٹیمیں جائے وقوعہ پر تعینات کر دی گئی ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ماؤل کے رکن اسمبلی سنیل شیلکے نے بتایا کہ پُل پر حادثے کے وقت 100 سے زائد افراد موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ افراد دریا میں گر گئے لیکن انہوں نے تیر کر جان بچا لی، پُل لوہے کا بنا ہوا تھا اور تقریباً 30 سال پرانا تھا۔

خیال رہے کہ آج بھارت میں ہونے والے ہیلی کاپٹر حادثے میں چھوٹے سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے تھے، حکام نے بتایا کہ یہ ہیلی کاپٹر ہندو یاتریوں کو ایک مقدس مقام سے واپس لا رہا تھا جب وہ ہمالیہ کے پہاڑوں میں گر کر تباہ ہو گیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق یہ المناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب اہل خانہ ابھی جمعرات کے روز احمد آباد کے رہائشی علاقے میں مسافر طیارہ گرنے سے ہلاک ہونے والے کم از کم 279 افراد کا سوگ منا رہے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 24 جون 2025
کارٹون : 23 جون 2025