بلوچستان میں 2 بم دھماکے، 2 افراد جاں بحق، 11 زخمی
بلوچستان میں شرپسندوں کی جانب سے 2 مختلف جگہوں پر دھماکا خیز مواد کے زریعے پُرتشدد کارروائیاں کی گئیں ہیں، بارکھان میں بارودی مواد کے زریعے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ مچھ میں بم دھماکے سے ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
ڈان نیوزکے مطابق بلوچستان کے ضلع بارکھان کےعلاقے رکھنی میں دھماکے سے 2 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے، جن میں سے4 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
جاں بحق اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈیرہ غازی خان کے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر بارکھان عبداللہ کھوسہ نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد مرکزی بازار میں کھڑی موٹرسائیکل میں نصب تھا، زوردارر دھماکے کے بعد قریبی دکانوں، عمارتوں اور ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
عبداللہ کھوسہ کے مطابق واقعے کے بعد بارکھان کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ پولیس، لیویز اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کر رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ناکہ بندی اور ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے
اس سے قبل مچھ اورآب گم کے درمیان ریلوے ٹریک پر بم دھماکا ہوا جس میں ریلوے ملازم زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق زخمی ریلوے ملازم کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ سیکورٹی فورسزنے دھماکے کے بعد علاقے کا محاصرہ کر کے شرپسندوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔














لائیو ٹی وی