• KHI: Clear 25.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.1°C
  • KHI: Clear 25.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.1°C

ایرانی پارلیمان کا این پی ٹی سے نکلنے کی جانب پیش قدمی پر غور

شائع June 16, 2025
— فائل فوٹو: ایرانی وزارت خارجہ
— فائل فوٹو: ایرانی وزارت خارجہ

ایرانی پارلیمانی ارکان ایک بل تیار کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں تہران جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) سے نکلنے کی جانب پیش قدمی کرسکتا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ نے پیر کو جاری بیان میں جوہری ہتھیار نہ بنانے سے متعلق اپنا موقف دہرایا۔

وزارت خارجہ کے ترجمان اسمٰعیل باقری نے پریس کانفرنس میں ایک سوال پر کہا کہ ’موجودہ حالات کے پیش نظر ہم ایک مناسب فیصلہ کریں گے، حکومت کو پارلیمنٹ کے بلوں پر عملدرآمد کرنا ہوتا ہے، لیکن اس مرحلے میں صرف تجویز تیار کی جا رہی ہے اور آئندہ مراحل میں ہم پارلیمنٹ کے ساتھ تعاون کریں گے‘۔

این پی ٹی، جس کی ایران نے 1970 میں توثیق کی تھی، رکن ممالک کو شہری مقاصد کے لیے جوہری توانائی کے حصول کا حق دیتا ہے، بشرطیکہ وہ جوہری ہتھیار بنانے سے باز رہیں اور اقوام متحدہ کے جوہری نگراں ادارے آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون کریں۔

اسرائیل نے گزشتہ ہفتے یہ کہتے ہوئے ایران پر بمباری شروع کی تھی کہ تہران جوہری بم بنانے کے قریب ہے، ایران ہمیشہ سے مؤقف اختیار کیے ہوئے ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے، اگرچہ آئی اے ای اے نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ تہران این پی ٹی کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہا۔

صدر مسعود پزشکیاں نے پیر کے روز ایک بار پھر کہا کہ جوہری ہتھیار بنانے کا عمل سپریم لیڈر آیت‌ اللہ علی خامنہ ای کے مذہبی فتوے کے خلاف ہے۔

ایران کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ نے ابھی تک این پی ٹی سے نکلنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا جبکہ ایک رکن پارلیمان نے بتایا کہ یہ تجویز قانونی عمل کے ابتدائی مراحل میں ہے۔

اسمٰعیل باقری نے کہا کہ اسرائیل کا حملہ فطری طور پر ریاست کے تزویراتی فیصلوں پر اثر انداز ہوتا ہے اور نشاندہی کی کہ یہ حملہ آئی اے ای اے کی قرارداد کے بعد ہوا تھا، جسے انہوں نے حملے کی ایک وجہ قرار دیا۔

اسمٰعیل باقری نے کہا کہ ’جن لوگوں نے اس قرارداد کے حق میں ووٹ دیا، انہوں نے حملے کی راہ ہموار کی‘۔

اسرائیل، جس نے کبھی این پی ٹی پر دستخط نہیں کیے، کو خطے کی حکومتیں جوہری ہتھیاروں کا حامل تصور کرتی ہیں، اگرچہ اس نے کبھی تصدیق یا تردید نہیں کی۔

اسمٰعیل باقری نے کہا کہ’صیہونی ریاست خطے میں واحد ریاست ہے جس کے پاس بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار ہیں’۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025