پاکستان نے اسرائیل پر ایٹمی حملے سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا، اسحٰق ڈار
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحٰق ڈار نے خبردار کیا ہے کہ گمراہ کن جھوٹی اطلاعات پھیلائی جارہی ہیں، احتیاط برتی جائے، پاکستان نے اسرائیل پر ایٹمی حملے سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحٰق ڈار نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بھارتی پروپیگنڈا اکاؤنٹس سے گمراہ کن اور فیک نیوز پھیلائی جارہی ہیں، نیتن یاہو کا پاکستان سے متعلق 2011 کا ویڈیو کلپ وائرل ہوا، ٹرمپ سے متعلق کلپ چل رہا تھا، بعد میں معلوم ہوا کہ جعلی ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف کا جعلی کلپ سوشل میڈیا پر چلایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج مکمل الرٹ ہیں، اسرائیل پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کا سوچے گا بھی نہیں، پاکستان نے ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد واضح مؤقف اپنایا ہے، اسرائیلی حملے کے بعد ایرانی وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر بات ہوئی تھی۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام ملک کے دفاع، علاقائی استحکام اور پر امن مقاصد کے لیے ہے، پاکستان نے اسرائیل پر ایٹمی حملے کا کوئی بیان نہیں دیا، ہم مذاکرات کے ذریعے مسائل اور تنازعات کے حل پر یقین رکھتے ہیں۔











لائیو ٹی وی