ہم نے یہ فیصلہ نہیں کیا کہ کون سا کھلاڑی وائٹ بال کا ہے اور کون سا ریڈ بال کا، عاقب جاوید

شائع June 16, 2025
— فائل فوٹو: اسکرین گریب، پاکستان کرکٹ ، یوٹیوب
— فائل فوٹو: اسکرین گریب، پاکستان کرکٹ ، یوٹیوب

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر اور ممبر سلیکشن کمیٹی عاقب جاوید نے کہا ہے کہ ہم نے یہ فیصلہ نہیں کیا کہ کون سا کھلاڑی وائٹ بال کا ہے اور کون سا ریڈ بال کا کرکٹر ہے۔

لاہور میں اسکلز ڈیولپمنٹ کمیپ کے حوالے سے پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ کھلاڑی آج کل ایک ٹورنامنٹ سے دوسرے ٹورنامنٹ میں مصروف رہتا ہے، کھلاڑیوں کو اپنی پرسنل اسکل ڈیولپمنٹ پر بھی فوکس کرنا چاہیے جس کیلئے اب کیمپ لگایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمارے اسکلز ڈیولپمنٹ کمیپ کا پہلا دن ہے، شروع میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو بہتر کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ فیصلہ نہیں کیا کہ کون سا کھلاڑی وائٹ بال کا ہے اور کون سا ریڈ بال کا کرکٹر ہے، کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر بیٹھیں گے اور ان میں جہاں بہتری کی ضرورت ہے وہاں بہتری لائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے فیز میں 60 پلیئرز کیمپ میں آئیں گے اور پھر اگلے مرحلے میں ایسے ہی اور کھلاڑی آئیں گے، اگلے سال ورلڈکپ کیلئے 30 کھلاڑی شارٹ لسٹ کریں گے، اگلے کچھ ماہ میں آپ کو کھلاڑیوں میں بہتری نظر آئے گی۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ این سی اے میں نئی پچز بنارہے ہیں، جن میں ہائبرڈ پچز لارہے ہیں، دنیا کے ساتھ مقابلہ کرنے کیلئے چیزوں میں بہتری لانی ہوگی، کھلاڑیوں میں آئندہ آپ کو بہتری نظر آئے گی۔

عاقب جاوید نے کہا کہ کراچی میں ویمنز کیلئے ہائی پرفارمنس سنٹر بنا رہے ہیں،ہر چیز وقت کے ساتھ تبدیل ہوتی ہے، ہمارے وقت میں کلب کرکٹ بہت مضبوط تھی، کلب کرکٹ اگر ختم نہیں ہوئی تو پہلے سے کافی کم ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی تو چاہتا ہے کہ کلب کرکٹ کیلئے کچھ کرے،کرکٹ کلبز جو کرکٹرز بناتے ہیں ان کو نوازنا چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ اسکلز ڈیولپمنٹ کمیپ میں زیادہ وائٹ بال کے کھلاڑی ہیں ، آپ کو پورا سال اس طرح کی مصروفیات نظر آتی رہیں گی، انڈر 17 کے ٹورنامنٹ سے بہترین کھلاڑیوں کو سلیکٹ کرکے ان کی کرکٹ بہتر کی جائے گی ۔

ممبر سلیکشن کمیٹی نے کہا کہ جو اسپیشلائزڈ کیمپ ہے اس میں ہم ان علاقوں میں بھی جائیں گے جہاں کیمپ نہیں لگتے ۔

عاقب جاوید نے کہا کہ ہمارے باؤلرز پہلے اچھی ریورس اور یارکر کرتے تھے، ہم نے اس بات کو نوٹ کیا ہے اور اس پر کام کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 6 جولائی 2025
کارٹون : 5 جولائی 2025