• KHI: Clear 21.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.5°C
  • ISB: Cloudy 12°C
  • KHI: Clear 21.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.5°C
  • ISB: Cloudy 12°C

’اصل کارروائیاں‘ اب شروع ہوں گی، ایرانی مسلح افواج کا فیصلہ کن فوجی مرحلے کا اعلان

شائع June 16, 2025
ترجمان نے کہا کہ زیر زمین شیلٹرز اور پناہ گاہوں میں رہنا یہودی شہریوں کی حفاظت یقینی نہیں بناسکتا
—فوٹو: اسکرین گریب
ترجمان نے کہا کہ زیر زمین شیلٹرز اور پناہ گاہوں میں رہنا یہودی شہریوں کی حفاظت یقینی نہیں بناسکتا —فوٹو: اسکرین گریب

اسرائیلی جارحیت کے بعد اپنے تازہ ترین پہلے باضابطہ بیان میں ایرانی مسلح افواج نے ایک فیصلہ کن اور طے شدہ فوجی مرحلے کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔

تہران ٹائمز کے مطابق ترجمان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ’اصل کارروائیاں‘ اب شروع ہورہی ہیں۔

ایرانی مسلح افواج کے ترجمان کے بیان میں مقبوضہ علاقوں پر قابض یہودیوں کو علاقے خالی کرنے کی وارننگ دی گئی ہے، بیان میں کہا گیا ہے کہ بے بس، جرائم پیشہ نیتن یاہو کی حکومت کی ایران پر ایک بار پھر جارحیت کے بعد ہمارے پاس منہ توڑ جواب دینے کے سوا کوئی آپشن نہیں بچا، ہم ایسا جواب دیں گے جو بچوں کی قاتل ریاست کو پچھتانے پر مجبور کر دے گا۔

ترجمان ایرانی مسلح افواج نے کہا کہ صہیونی حکومت کی جانب سے ایران کی قوت کا غلط حساب لگانے پر اب ان کو تباہ کن اور مثالی جواب دیا جا ئے گا، اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ ایران کی بہادر افواج کی جانب سے اب آنے والے دنوں میں تمام مقبوضہ علاقوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ قابضین علاقے خالی کردیں، کیوں کہ آئندہ دنوں میں یہ علاقے آپ کی رہائش کے قابل نہیں رہیں گے، ہم نے حالیہ دنوں میں اسرائیل کے فوجی اور دفاعی مراکز ، صہیونی رجیم کے فیصلہ سازی کے دفاتر، ملٹری اور جوہری عہدیداروں کی رہائش گاہوں کو نشانہ بنایا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس اسرائیل کی تمام تنصیبات اور علاقوں میں موجود اہم مقامات کا ڈیٹابیس موجود ہے، اور ہمیں تذویراتی طور پر اہم سمجھے جانے والے اسرائیلی ٹارگٹس تک رسائی بھی حاصل ہے، اس لیے ہم یہودی شہریوں کو آگاہ کرتے ہیں کہ وہ خود کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال نہ ہونے دیں، اور علاقے خالی کردیں۔

ایرانی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ زیر زمین شیلٹرز اور پناہ گاہوں میں رہنا آپ کی حفاظت یقینی نہیں بناسکتا، مجرم صہیونی حکومت بالخصوص نیتن یاہو اپنے اور اہلخانہ کے ذاتی فائدے کے لیے آپ کو استعمال کر رہا ہے۔

ترجمان نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے جو جرائم شروع کیے ہیں، اس کا انجام شکست فاش اور پچھتاوے کے علاوہ کچھ اور نہیں ہوگا، اگر آپ یہ انتباہ نظر انداز کرتے ہیں تو آنے والے دن آپ کے لیے مزید کٹھن ہوسکتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025