ایران اسرائیل کیساتھ بڑھتے تنازع کو ختم کرنے کیلئے مذاکرات کرنا چاہتا ہے، ٹرمپ

شائع June 16, 2025
— فائل فوٹو: انڈین ایکسپریس
— فائل فوٹو: انڈین ایکسپریس

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران اسرائیل کے ساتھ بڑھتے ہوئے تنازع کو ختم کرنے کے لیے مذاکرات کرنا چاہتا ہے۔

برطانوی اخبار ’دی ٹیلیگراف‘ کی رپورٹ کے مطابق جی-7 اجلاس کے آغاز پر گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران یورپ اور خلیجی ممالک کے ذریعے اسرائیل اور امریکا کو کئی خفیہ پیغامات بھیج کر جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ’وہ بات چیت کرنا چاہتے ہیں، لیکن یہ کام انہیں پہلے کر لینا چاہیے تھا، ٹرمپ نے وضاحت کی کہ انہوں نے ایران کو معاہدے کے لیے 60 دن دیے تھے، اور 61 ویں دن میں نے کہا، ہمارے پاس کوئی معاہدہ نہیں ہے، میں نے کہا انہیں معاہدہ کرنا ہوگا۔

امریکی صدر نے کہا کہ یہ دونوں فریقین کے لیے تکلیف دہ ہے، لیکن میں کہوں گا کہ ایران یہ جنگ نہیں جیت رہا، اور انہیں بات چیت کرنی چاہیے، اور فوراً کرنی چاہیے، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر کی جانب سے ایران-اسرائیل تنازع کے حوالے سے گزشتہ دو دن کے دوران مختلف بیانات سامنے آئے ہیں، اس حوالے سے ایک بیان میں امریکی صدر نے کہا تھا کہ ایران نے اسرائیل کیخلاف جوابی کارروائی کی تو امریکا اسرائیل کا ساتھ دے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کو ’بہترین‘ قرار دیا، تاہم بعد ازاں ایران کی جوابی کارروائی کے بعد انہوں نے کہا کہ ایران اور اسرائیل کی جنگ ختم کرانے کے لیے بات چیت ہورہی ہے، ملاقاتیں جاری ہیں، جلد یہ تنازع ختم ہوجائے گا۔

ٹرمپ نے کہا تھا حال ہی میں ، میں نے پاک-بھارت ایٹمی جنگ کا خطرہ ختم کرنے میں کردار ادا کیا تھا، اسی طرح یہ مسئلہ بھی حل کرلوں گا۔

روس کو جی -7 سے نکالنا غلطی تھی، ٹرمپ

’بی بی سی نیوز‘ کے مطابق ایک صحافی نے پریس کانفرنس کے دوران چین کو جی 7 کا رکن بنانے کے امکان کا ذکر کیا، تو ٹرمپ نے جواب دیا کہ ’یہ کوئی بری تجویز نہیں ہے‘۔

اس کے فوراً بعد انہوں نے بات کا رخ اس طرف موڑ دیا کہ جی 7 پہلے جی 8 ہوا کرتا تھا، لیکن 2014 میں سابق امریکی صدر اوباما اور دیگر عالمی رہنماؤں نے روس کو اس گروپ سے نکال دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ولادیمیر پیوٹن اس اقدام سے بہت ناراض ہوئے تھے، روس کو جی سیون سے نکالنا غلطی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025