مُلّا حکومت موت اور تباہی لائی، اسرائیل ہم سب کیلئے ایران میں ’گندا کام‘ کر رہا ہے، جرمن چانسلر
جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے ایران پر اسرائیل کے حملوں کی پرزور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل پوری دنیا کے لیے ایران میں ’گندا کام‘ کر رہا ہے۔
برطانوی اخبار دی ٹیلیگراف کے مطابق جرمن چانسلر نے جرمن نشریاتی ادارے زیڈ ڈی ایف کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’یہ وہ گندا کام ہے جو اسرائیل ہم سب کے لیے کر رہا ہے‘ ہم بھی اس حکومت کے متاثرین ہیں، یہ مُلّا حکومت دنیا میں موت اور تباہی لائی ہے۔
کینیڈا میں ہونے والے جی سیون سربراہی اجلاس کے موقع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے اشارہ دیا تھا کہ اگر اسرائیل ایران کے نیوکلیئر پروگرام کو مکمل طور پر تباہ کرنا چاہتا ہے، تو اسے امریکا کی براہِ راست مداخلت کی ضرورت ہوگی۔
فریڈرک مرز نے کہا کہ اگر ایرانی حکومت مذاکرات کی میز پر واپس آنے کو تیار ہے، تو پھر مزید فوجی کارروائی کی ضرورت نہیں، لیکن اگر ایسا نہ ہوا، تو ایران کے نیوکلیئر پروگرام کی مکمل تباہی ایجنڈے پر آ سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج واضح طور پر یہ کام انجام دینے سے قاصر ہے، ان کے پاس مطلوبہ ہتھیار نہیں ہیں، لیکن امریکیوں کے پاس یہ ہتھیار موجود ہیں۔
مرز نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اچانک جی سیون اجلاس سے چلے جانے کے معاملے کو کم اہمیت دینے کی کوشش کی، لیکن کہا کہ امریکی صدر کے ساتھ طویل بات چیت ہوئی، جس میں اسرائیل-ایران تنازع سمیت اجلاس کے تمام اہم موضوعات زیرِ بحث آئے۔













لائیو ٹی وی