اسرائیل کو میزائل دفاعی نظام ’ایرو‘ کی کمی کا سامنا
اسرائیل کو میزائل دفاعی نظام ’ایرو‘ کی کمی کا سامنا ہے، جس سے ایران کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کا مقابلہ کرنے کی اسرائیل کی صلاحیت پر خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق امریکی جریدے ’وال اسٹریٹ جرنل‘ نے ایک نامعلوم امریکی عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیل کو میزائل دفاعی نظام ’ایرو‘ کی کمی کا سامنا ہے، تاہم رائٹرز اس رپورٹ کی فوری طور پر تصدیق نہیں کر سکا۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ایران کے میزائلوں کے خلاف صرف ’ایرو‘ سسٹم ہی نہیں بلکہ دیگر دفاعی نظام بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔
امریکا کے پاس مشرقِ وسطیٰ میں زمین پر نصب پیٹریاٹ میزائل دفاعی نظام اور ٹرمینل ہائی آلٹیٹیوڈ ایریا ڈیفنس (تھاڈ) سسٹمز موجود ہیں، جو بیلسٹک میزائلوں کو روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
امریکی نیوی کے ڈسٹرائر جنگی بحری جہازوں نے بھی مختلف میزائلوں کو مار گرایا ہے۔
واضح رہے کہ ایرانی مسلح افواج نے آج آپریشن ’وعدۂ صادق سوم‘ کے 10ویں مرحلے کا آغاز کرتے ہوئے اسرائیل پر میزائلوں اور ڈرونز کی بارش کردی، اسرائیل کے اہم اور اسٹریٹجک اہداف پر متعدد بیلسٹک میزائل داغےگئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی کہ ایران کی جانب سے مزید میزائل داغے گئے ہیں جس کے بعد ائیرڈیفنس سسٹم کو فعال کردیا گیا ہے۔













لائیو ٹی وی