سینیٹ اجلاس میں اسرائیل کے ایران پر حملے کی شدید مذمت

شائع June 18, 2025
فائل فوٹو: اے پی پی
فائل فوٹو: اے پی پی

سینیٹ کے اجلاس میں اسرائیل کے ایران پر حملے کی شدید مذمت کی گئی، قائد ایوان اسحٰق ڈار نے بتایا کہ 21 مسلم ممالک نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف مشترکہ مؤقف اپنا لیا ہے، ایران کی سلامتی، خطے اور عالم اسلام کے امن سے جڑی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت منعقد ہوا ، جس میں قائد ایوان اسحٰق ڈار نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر اسرائیل کے حملے کی 21 مسلم ممالک نے شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مسلم ممالک نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے ایران کی سلامتی، خودمختاری اور آزادی کی حمایت کی ہے۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت سے پورے خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے، اور اس کے سنگین عالمی نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم دنیا نے ایٹمی ہتھیاروں سے پاک مشرق وسطیٰ اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ اگر ایران کے بعد پاکستان کی باری آئی تو ہم خاموش نہیں رہیں گے۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ایران صرف اپنی نہیں بلکہ عالمِ اسلام کی جنگ لڑ رہا ہے،اب صرف بیانات نہیں بلکہ عملی مدد کرنی ہو گی۔

سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ اگر نواز شریف ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ نہ کرتے تو آج پاکستان مشکلات میں ہوتا۔

سینیٹر افنان اللہ نے پاکستان کی ایٹمی طاقت کو مسلم دنیا کا دفاعی ہتھیار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل مسلم ممالک کو تباہ کرنا چاہتا ہے جو کبھی ہونے نہیں دیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025