ایران نے عراقی سرحد کے قریب اسرائیل کی جاسوس 6 خواتین، مشہد سے 18 موساد ایجنٹس پکڑلئے

شائع June 19, 2025
— فائل فوٹو: ٹائمز آف اسرائیل
— فائل فوٹو: ٹائمز آف اسرائیل

ایران نے مشرقی شہر مشہد میں اسرائیل کی خفیہ تنظیم ’موساد‘ کے 18 ایجنٹوں، عراقی سرحد کے ساتھ اسرائیل کے لیے کام کرنے والی 6 خواتین جاسوسوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایرانی خبر رساں ایجنسیوں نے اطلاع دی ہے کہ ایران نے شمال مشرقی شہر مشہد میں 18 دشمن ایجنٹوں کو گرفتار کیا ہے جو اسرائیلی حملوں کے لیے ڈرون تیار کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند روز میں ایران کے ایٹمی سائنسدانوں، فوجی کمانڈرز اور میزائل تنصیبات پر حملوں کے بعد ایران بھر میں موساد کے ایجنٹوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور درجنوں ایجنٹوں کو گرفتار کیا جاچکاہے۔

ایرانی پولیس نے 15 جون کو جنوبی تہران میں موساد کی ایک 3 منزلہ ورکشاپ کا بھی سراغ لگایا تھا جہاں سے 200 کلو بارود اور 23 ڈرونز سمیت دیگر آلات بھی برآمد کیے گئے ہیں، اس کارروائی میں بھی موساد کے 2 ایجنٹوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔

اگلے روز ایران نے موساد کے گرفتار ایجنٹ کو قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد پھانسی دے دی تھی۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ نے رپورٹ کیا تھا کہ ایران کی عدلیہ نے پیر کو ایک بیان میں کہا ہے کہ 2023 سے گرفتار ایک شخص کو پھانسی دے دی گئی ہے، مذکورہ شخص اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کا ایجنٹ ہونے کے جرم میں سزا یافتہ تھا۔

گزشتہ روز ایرانی فورسز نے ایک موساد ایجنٹ کو گرفتار کیا تھا اور اسکی سائنائیڈ کی گولی کھاکر خودکشی کرنے کی کوشش ناکام بنادی تھی۔

تہران ٹائمز کے مطابق عراقی سرحد کے قریب سے بھی اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے والی 6 خواتین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ان خواتین کی مشکوک حرکات کے بعد ان سے پوچھ گچھ کا عمل جاری ہے، خواتین اسرائیل کے لیے سرحدی مقامات کے قریب اہم تنصٰبات کی جاسوسی کر رہی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025