اسرائیل کے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد تیل کی قیمتوں میں اضافہ
اسرائیل کی جانب سے ایران کے جوہری تنصیبات نطنز اور اراک پر مبینہ فضائی حملوں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
خلیج میگ کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو برینٹ کروڈ کی قیمت میں 1.15 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 77.58 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جب کہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ کی قیمت میں 1.48 فیصد اضافہ ہوا، جو 76.25 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی، اس سے قبل عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں دن بھر اتار چڑھاؤ جاری رہا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے تیل کی منڈیوں میں نئی بے یقینی پیدا کر دی ہے، سرمایہ کار کمپنی آئی جی کے تجزیہ کار ٹونی سائیکامور نے کہا کہ’ مارکیٹ اب بھی اس خدشے کے سائے میں ہے کہ آنے والا قدم امریکا کی فوجی کارروائی ہو گا یا امن مذاکرات۔’
گولڈمین سیکس نے بدھ کے روز اپنے تجزیے میں کہا ہے کہ جیوپولیٹیکل تناؤ کے باعث تیل کی قیمتوں میں فی بیرل 10 ڈالر تک کا خطرہ پریمیم شامل ہو چکا ہے، اور اگر صورتحال مزید بگڑتی ہے تو برینٹ کی قیمت 90 ڈالر سے تجاوز کر سکتی ہے۔
بینک نے ایرانی تیل کی پیداوار میں ممکنہ کمی اور آبنائے ہرمز سے گزرنے والی عالمی تیل ترسیل کے خطرات کو مرکزی چیلنج قرار دیا۔
تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کو اپنے وجود کے لیے خطرہ محسوس ہوا، تو وہ خلیج میں آئل ٹینکرز اور توانائی کے انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنا سکتا ہے، جس سے عالمی توانائی کی فراہمی کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
ایران اس وقت روزانہ تقریباً 3.3 ملین بیرل خام تیل پیدا کر رہا ہے، جب کہ آبنائے ہرمز سے روزانہ 19 ملین بیرل تیل اور پٹرولیم مصنوعات گزرتی ہیں، جو عالمی سپلائی کا ایک بڑا حصہ ہے۔
اس کے علاوہ، امریکی فیڈرل ریزرو نے بدھ کے روز سود کی شرحوں کو برقرار رکھنے کا اعلان کیا، تاہم رواں سال کے دوران دو مرتبہ کمی کے امکانات کا اشارہ بھی دیا، ماہرین کے مطابق شرح سود میں کمی معاشی سرگرمی کو بڑھا سکتی ہے، جو تیل کی طلب میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے، لیکن افراطِ زر میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔
مجموعی طور پر، تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عالمی منڈیوں میں پائی جانے والی بے یقینی اور مشرق وسطیٰ کے غیر مستحکم حالات کی عکاسی کرتا ہے، جس کے اثرات عالمی معیشت پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔











لائیو ٹی وی