میں زندہ اور جان قربان کرنے کیلئے تیار ہوں، علی شمخانی نے افواہوں کا خاتمہ کردیا
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے مشیر ایڈمرل علی شمخانی افواہوں کا خاتمہ کرتے ہوئے منظر عام آگئے اور اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ وہ زندہ اور جان قربان کرنے کے لیے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ ہفتے اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے کے بعد اب روبصحت ہیں۔
ایران کے پریس ٹی وی کے مطابق علی شمخانی نے جمعہ کو آیت اللہ خامنہ ای کو ارسال کیے گئے پیغام میں اعلان کیا ہے کہ ’صبح فتح قریب ہے‘۔
نور نیوز کی جانب سے شائع کیے گئے پیغام میں علی شمخانی نے کہا ہے کہ ’ صبح فتح قریب ہے، ایران کا نام ہمیشہ کی طرح تاریخ کے اوراق میں روشن رہے گا، اور شہدا کی مسکراہٹیں ہمارے مستقبل کا عکس ہوں گی’۔
ایران کے سابق اعلیٰ سیکیورٹی عہدیدار ایڈمرل علی شمخانی 13 جون کو ایران کے خلاف اسرائیلی دہشتگردانہ حملے میں شدید زخمی ہوئے تھے، انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں جان بچانے والی طبی امداد فراہم کی گئی۔
قبل ازیں یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی جارحیت میں ایران کی مسلح افواج کے کئی سینئر کمانڈرز بشمول چیف آف اسٹاف جنرل محمد باقری، پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی اور ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر امیر علی حاجی زادہ شہید ہو گئے تھے۔
اسرائیلی حملے کے چند گھنٹوں بعد ایران نے جوابی کارروائی’وعدہ صادق سوم’ کے تحت انجام دی، جس میں مقبوضہ علاقوں میں اسرائیل کے حساس فوجی اور انٹیلیجنس مراکز کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
اب تک سپاہ پاسداران انقلاب اور دیگر مسلح افواج نے اس آپریشن کے 15 مرحلے مکمل کر لیے ہیں، جن میں اسرائیلی حکومت کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے۔













لائیو ٹی وی