سوات: جھیل میں کشتی الٹنے سے 2 خواتین ڈوب کر جاں بحق

شائع June 22, 2025
فائل فوٹو: فیس بک
فائل فوٹو: فیس بک

سوات کے شاہی باغ جھیل میں سیاحوں کی کشتی اُلٹنے سے دو خواتین ڈوب کر جاں بحق جبکہ تین افراد لاپتا ہوگئے۔

ہفتہ کی شام خیبر پختونخوا کے علاقے سوات کے کالام میں واقع سیاحتی مقام شاہی باغ جھیل میں سیاحوں کو لے جانے والی کشتی الٹنے سے دو خواتین ڈوب کر جاں بحق ہوگئیں جبکہ تین افراد تاحال لاپتا ہیں۔

ریسکیو 1122 شمالی ریجن کی ترجمان شفیقہ گل نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ کشتی تیز ہواؤں اور بارش کے باعث الٹ گئی۔

ترجمان کے مطابق دو خواتین کی لاشیں جھیل سے نکال لی گئی ہیں اور انہیں کالام اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ پانچ افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے، زخمیوں کو مٹہ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق تین سیاح تاحال لاپتا ہیں اور ان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، ریسکیو غوطہ خور لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں، اور آپریشن کی نگرانی تحصیل بحرین کی مقامی انتظامیہ کر رہی ہے۔

دوسری جانب، ریسکیو حکام کے مطابق ہزارہ ڈویژن کے ضلع تورغر کی تحصیل کنڈر کوٹکہ میں دریائے سندھ میں دو لڑکیاں ڈوب گئیں۔

ریسکیو 1122 تورغر کی ٹیمیں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر حیات اللہ کی ہدایت پر مقامی رضاکاروں کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

ڈوبنے والی لڑکیوں میں 15 سالہ ایمان اور 20 سالہ آمنہ شامل ہیں، آمنہ کی لاش ضلع ہری پور کے علاقے ستانہ سے مل گئی ہے، جبکہ دوسری لڑکی کی تلاش جاری ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ، ایک اور واقعے میں، ضلع بنوں کے علاقے ہادری مہمند خیل میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پانچ افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے، ۔

ریسکیو 1122 بنوں کے ترجمان محمد اسامہ نے بتایا کہ ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی اور جاں بحق افراد کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کی گئیں جہاں قانونی کارروائی جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 8 جولائی 2025
کارٹون : 6 جولائی 2025