خیبرپختونخوا: بٹ گرام میں دریا میں نہاتے ہوئے دو لڑکے ڈوب کر جاں بحق
خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام میں دریائے نندھار میں نہاتے ہوئے دو لڑکے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک لاپتا ہوگیا۔
ریسکیو 1122 کے اہلکار عزیز خان نے بتایا کہ دو نوجوان، جن کی شناخت 16 سالہ حافظ عثمان اور 14 سالہ ایان کے طور پر ہوئی ہے، دریا ندی میں نہا تے ہوئے ڈوب گئے اور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
عزیز خان نے مزید بتایا کہ ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے لاشوں کو نکالا اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بٹگرام منتقل کیا، جہاں ان کی موت کی تصدیق کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تیسرا لڑکا اب بھی لاپتا ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔
ملک میں ڈوبنے کے واقعات عام ہیں، جن کی کئی وجوہات ہوتی ہیں، جن میں دریا کے تیز بہاؤ، تیراکی کی مہارت نہ ہونا اور حفاظتی انتظامات کا فقدان شامل ہیں۔
کئی دریا ایسے زیرِ سطح خطرناک بہاؤ رکھتے ہیں جو بظاہر نظر نہیں آتے اور اچانک لوگوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیتے ہیں، مون سون کے موسم میں یہ مسئلہ مزید سنگین ہو جاتا ہے جب دریا چڑھ جاتے ہیں اور سیلاب معمول بن جاتا ہے۔
ایک روز قبل، ریسکیو 1122 نے ایک لڑکی کی لاش برآمد کی تھی، جو جمعرات کو اپنے والد اور بھائی کے ساتھ چشمہ-جہلم لنک کینال میں ڈوب گئی تھی، جبکہ پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کے مطابق اتوار کو تورغر ضلع میں دریائے سندھ میں دو لڑکیاں ڈوب گئی تھیں۔
گزشتہ ہفتے خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے کالام میں شاہی باغ جھیل میں سیاحوں کی کشتی الٹ گئی تھی ، جس کے نتیجے میں دو خواتین اور دو بچے ڈوب گئے تھے جبکہ تیسرا بچہ لاپتا ہوگیا تھا۔