امریکی صدر کی ترک ہم منصب سے ملاقات، اردوان کا ایران- اسرائیل جنگ بندی کا خیرمقدم
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی نیدرلینڈ کے شہر ہیگ میں نیٹو سمٹ کے دوران ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترک خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے نیدرلینڈز میں جاری نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔
یہ ملاقات نیدرلینڈز کے بادشاہ ویلم الیگزینڈر اور ان کی اہلیہ کی جانب سے نیٹو کے رکن ممالک کے سربراہان اور ان کی بیگمات کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے کے دوران ہوئی۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کیا، ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے نیٹو اتحاد کی ڈیٹرنٹ پاور کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
ترک صدر نے کہا کہ امریکا کے ساتھ دفاعی تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے، دونوں ممالک میں توانائی، سرمایہ کاری اور دفاع کے شعبوں میں بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ صدر اردوان دی ہیگ میں دو روزہ نیٹو اجلاس میں شرکت کے لیے منگل کے روز نیدرلینڈز پہنچے، ایمسٹرڈیم کے اسخپول ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد نیدرلینڈز کے حکام، نیٹو میں ترکی کے سفیر باسات اوزترک اور دی ہیگ میں ترک سفیر سلیمان اونال نے ان کا استقبال کیا۔
ترکیہ صدر کے ہمراہ ترک خاتون اول امینے ایردوان، وزیر خارجہ حاقان فدان، وزیر دفاع یشار گولر، نیشنل انٹیلی جنس کے سربراہ ابراہیم کالن، صدارتی مواصلات کے ڈائریکٹر فخرالدین آلتن، اور صدر ایردوان کے اعلیٰ خارجہ پالیسی و سلامتی مشیر عاقف چاگتائے کلیچ بھی موجود ہیں۔
نیٹو اجلاس کے دوران صدر ایردوان کی کئی عالمی رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں، اجلاس میں یورپی-اٹلانٹک خطے کو درپیش اسٹریٹیجک خطرات اور خدشات پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔













لائیو ٹی وی