• KHI: Clear 21.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.4°C
  • ISB: Cloudy 12.7°C
  • KHI: Clear 21.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.4°C
  • ISB: Cloudy 12.7°C

بھارتی فلم سازوں کا ’سردار جی تھری‘ پر شدید ردعمل، دلجیت دوسانجھ کا موقف سامنے آگیا

شائع June 25, 2025
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

بھارتی پنجابی فلم ’سردار جی تھری‘ پر بھارتی فلم سازوں کے شدید ردعمل کے بعد دلجیت دوسانجھ نے اپنے مؤقف کا اظہار کیا ہے۔

فلم ’سردار جی تھری‘ کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کو بھارتی فلم سازوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔

بھارت کی آل انڈیا سینی ورکرز ایسوسی ایشن (اے آئی سی ڈبلیو اے) اور فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سینی ایمپلائز (ایف ڈبلیو آئی سی ای) نے دلجیت دوسانجھ اور فلم کے پروڈیوسرز کا بائیکاٹ کرنے کی دھمکی دی ہے اور بھارت میں فلم کی آئندہ ریلیز کے تمام منصوبے روکنے کے عزم کا اظہار بھی کیا ہے۔

فلمی تنظیم کے مطابق پاکستانی فنکاروں کو بھارتی فنکاروں پر ترجیح دینا دلجیت دوسانجھ کی وفاداری اور ترجیحات پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔

حال ہی میں دلجیت دوسانجھ نے بی بی سی ایشیا کو ایک انٹرویو دیا جس میں انہوں نے فلم کو بیرونِ ملک ریلیز کرنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے یہ فلم سائن کی، اُس وقت بھارت اور پاکستان کے تعلقات بہتر تھے۔

انہوں نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ فروری میں ہوئی تھی، اُس وقت حالات ٹھیک تھے، مگر فروری کے بعد کچھ ایسے واقعات پیش آئے جو ان کے کنٹرول میں نہیں تھے۔

دلجیت دوسانجھ کا کہنا تھا کہ فلم کے پروڈیوسرز نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ یہ فلم بیرونِ ملک ریلیز کریں گے، کیونکہ اس پر بہت سرمایہ لگ چکا ہے اور وہ اس فیصلے میں پروڈیوسرز کے ساتھ ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت میں فلم ریلیز نہ ہونے کی وجہ سے انہیں نقصان ہوگا، کیونکہ وہ ایک بڑے ناظرین کے طبقے کو کھو دیں گے۔

ہانیہ عامر کے ساتھ کام کے بارے میں بات کرتے ہوئے دلجیت نے کہا کہ ’ہانیہ عامر نہ صرف اچھی اداکارہ ہیں بلکہ بہت پروفیشنل بھی ہیں‘۔

’سردار جی تھری‘ کو 27 جون کو بیرونِ ملک ریلیز کیا جا رہا ہے، جب کہ بھارت میں اس کی ریلیز کا فی الحال کوئی شیڈول موجود نہیں۔

یہ ایک کامیڈی فلم ہے جس میں دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کو بھوتوں کا پیچھا کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر میں ہانیہ عامر کو پنجابی بولتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے تاہم بعض شائقین نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی آواز کو ڈب کیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025