ایران کا جوہری بحران امریکا نے ہی پیدا کیا اور تہران پر یکطرفہ پابندیاں بڑھائیں، چین

شائع June 25, 2025
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو کونگ نے کہا ہے کہ ایران کا جوہری بحران امریکا نے ہی پیدا کیا ہے، واشنگٹن یکطرفہ طور پر ایرانی جوہری معاہدے سے دستبردار ہوگیا اور اور تہران کو معاہدے کے وعدوں سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا۔

چین کی سرکاری خبررساں ایجنسی ’شنوا‘ کے مطابق اقوام متحدہ میں چینی مندوب نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں ایران پر لگائے گئے الزامات کے جواب میں کہا کہ ایران کے نیوکلیئر پروگرام سے متعلق بحران کا آغاز خود امریکا نے کیا۔

اپنے خطاب میں فو کونگ کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کے کچھ ارکان صرف ایران پر عدم پھیلاؤ کی خلاف ورزیوں کا الزام لگاتے رہے ہیں تاکہ اسرائیل اور امریکا کے فوجی اقدامات کو جائز ٹھہرایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ ایرانی جوہری بحران کا آغاز کسی اور نے نہیں بلکہ خود امریکہ نے کیا تھا۔

خیال رہے کہ 2018 میں ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دور صدارت میں امریکا نے یکطرفہ طور پر ایران کے ساتھ جوہری معاہدے سے علیحدگی اختیار کی تھی، اس کے بعد امریکا نے ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کیں اور ’زیادہ سے زیادہ دباؤ‘ کی پالیسی اپنائی۔

ان اقدامات نے ایران کو معاہدے کے تحت حاصل ہونے والے معاشی فوائد سے محروم کیا، جس کے نتیجے میں ایران نے بھی معاہدے کی بعض شرائط پر عمل درآمد محدود کر دیا۔

چینی مندوب کا کہنا تھا کہ امریکا نے نہ صرف اپنی ساکھ کو نقصان پہنچایا بلکہ ایرانی جوہری تنصیبات پر فوجی حملے کر کے اُس مذاکراتی عمل کو بھی سبوتاژ کیا جسے خود اُس نے شروع کیا تھا جب کہ یہ حملے خطے کی صورتحال کو سنگین حد تک کشیدہ کرنے کا باعث بنے۔

سلامتی کونسل میں اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ایران نے آج تک جوہری ہتھیاروں کی تیاری کی خواہش کا انکار کیا ہے اور وہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ساتھ جامع معاہدے کے تحت عدم پھیلاؤ کا وعدہ نبھا رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران نے امریکا کے ساتھ پیشہ ورانہ اور تعمیری انداز میں کئی بار مذاکرات کیے اور کبھی سفارتی راستہ ترک نہیں کیا۔

چینی مندوب نے تنقید کی کہ کچھ ممالک آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل کی رپورٹ کا یکطرفہ حوالہ دے کر ایران کی مثبت کوششوں کو نظرانداز کرتے ہوئے آئی اے ای اے بورڈ آف گورنرز سے مشاورت کے بغیر قرارداد منظور کروانے پر زور دیتے ہیں جو کہ مذاکرات کے ماحول کو نقصان پہنچاتا ہے اور کشیدگی بڑھاتا ہے۔

فو کونگ نے اسرائیل اور امریکا کی طرف سے ایران پر طاقت کے استعمال کو بین الاقوامی قوانین اور ایرانی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ چین نے ان اقدامات کی واضح الفاظ میں مذمت کی ہے، ان حرکات نے سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچایا ہے اور سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کے نفاذ پر شدید غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025