اسپیکر قومی اسمبلی کی فلسطینی سفیر سے ملاقات، غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت
پاکستان میں تعینات فلسطین کے سفیر ڈاکٹر ذہیر زید سے ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے غزہ میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان میں تعینات فلسطین کے سفیر ڈاکٹر ذہیر زید نے ملاقات کی۔
اعلامیے کے مطابق اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے غزہ میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت ایک عظیم انسانی المیہ ہے، اسرائیلی حملوں میں 50 ہزار سے زائد انسانی جانوں کا ضیاع ہر پاکستانی کے لیے دلخراش سانحہ ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے مطابق غزہ میں معصوم بچوں کی مسلسل شہادتیں عالمی ضمیر کے لیے ایک کڑا امتحان ہیں، اسرائیل کی جانب سے غزہ کیلئے امدادی سامان کی فراہمی روکنا، خوراک کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے مترادف ہے۔
سردار ایاز صادق کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کی ہر سطح پر اخلاقی، سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا ایران پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے، جو خطے اور دنیا کے امن کے لیے شدید خطرہ ہے، انہوں نے ایران اور اسرائیل کے مابین جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کیا۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ دنیا کو اس وقت جنگوں کی نہیں، امن کی ضرورت ہے، پاکستان نے خطے میں ہمیشہ امن کو فروغ دینے کیلئے کردار ادا کیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کو ریاست نہیں بلکہ دہشت گرد تنظیم کے طور پر تسلیم کرتا ہے۔
اس موقع پر فلسطینی سفیر نے بتایا کہ پاکستان نے ہمیشہ فلسطین کے مؤقف کی غیر متزلزل حمایت کی ہے، جس پر ہم تہہ دل سے شکر گزار ہیں، غزہ کے مظلوم عوام پاکستان کے عوام کی ہمدردی اور یکجہتی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
فلسطینی سفیر ڈاکٹر ذہیر زید کا کہنا تھا کہ ہمیں فخر ہے کہ پاکستان ہمارے ساتھ ہے، ہمیں امید ہے کہ پاکستان عالمی فورمز پر فلسطین کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا، اس وقت فلسطین کو انسانی امداد، سفارتی اور بین الاقوامی حمایت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور فلسطین کے مابین، برادرانہ تعلقات دونوں اقوام کی تاریخی قربت کا ثبوت ہیں، جنہیں مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔












لائیو ٹی وی