اسرائیلی حملے میں زخمی پاسداران انقلاب کے کمانڈر دوران علاج دم توڑگئے

شائع June 25, 2025
— فوٹو: ایرانی میڈیا
— فوٹو: ایرانی میڈیا

اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے والے ایران کے پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کے سینیئر کمانڈر علی شادمانی دوران علاج دم توڑ گئے۔

ایرانی نیوز سروس ’پریس ٹی وی‘ کے مطابق ایران کی مسلح افواج کے مرکزی جنگی ہیڈکوارٹر خاتم الانبیا (ص) کے کمانڈر میجر جنرل علی شادمانی اسرائیل کے حملے میں شدید زخمی ہوئے تھے اور وہ ہسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

کمانڈر میجر جنرل علی شادمانی کو 13 جون کی صبح پیش آنے والے اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل غلام علی رشید کی جگہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے حکم سے کمانڈر مقرر کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ خاتم الانبیا (ص) مرکزی ہیڈکوارٹر ایرانی مسلح افواج کا مشترکہ جنگی کمانڈ ہیڈکوارٹر ہے، جو ایرانی جنرل اسٹاف کے ماتحت کام کرتا ہے، اس کا بنیادی کام فوجی کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور ہم آہنگی کرنا ہے۔

اسرائیلی افواج نے ایک ہفتے قبل 17 جون کو ایک بڑے فضائی حملے میں علی شادمانی کو نشانہ بنایا تھا جس میں شدید زخمی ہوگئے تھے جب کہ اس حملے میں کوئی ایرانی شہری بھی شہید ہوئے تتھے۔

بدھ کے روز خاتم الانبیا ہیڈکوارٹر نے ان کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے ان کے خون کا بدلہ لینے کا عزم ظاہر کیا۔

ان کی تدفین ہفتہ، 28 جون کو تہران میں ان کے دیگر شہید ساتھیوں کے ساتھ ہوگی۔

خیال رہے کہ 13 جون کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے دیگر اعلیٰ ایرانی کمانڈروں میں شامل ہیں:

  • میجر جنرل غلام علی رشید (کمانڈر، خاتم الانبیا)
  • میجر جنرل محمد باقری (چیف آف اسٹاف، ایرانی مسلح افواج)
  • میجر جنرل حسین سلامی (سپہ سالار، پاسداران انقلاب)
  • بریگیڈیئر جنرل امیر علی حاجی زادہ (کمانڈر، ایرو اسپیس ڈویژن آئی آر جی سی)

واضح رہے کہ ایران کے اعلیٰ ترین فوجی کمانڈرز میں شامل جنرل علی شادمانی ایران کی جنگی حکمتِ عملی کے چیف آف اسٹاف کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025