کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش، موسم خوشگوار

شائع June 26, 2025
فائل فوٹو: ڈان نیوز
فائل فوٹو: ڈان نیوز

کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔

ڈان نیوز کے مطابق جمعرات کی شب ملیر، گلشن معمار، گلشن حدید، گلستان جوہر، نیوکراچی، صدر ، آئی آئی چندریگر روڈ ، اور دیگر علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔

سعدی ٹاؤن ،ملیر کینٹ ،صفورہ چورنگی ،یونیورسٹی روڈ، ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا،عزیز آباد طارق روڈ، بحریہ ٹاؤن ،گڈاپ ،نارتھ کراچی ،سرجانی میں بھی تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

بار ش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا جس سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔

دوسری جانب بارش ہوتے ہی کے الیکٹرک کے 300 فیڈر ٹرپ کرگئے جس سے گلشن اقبال، نارتھ کراچی ، ناظم آباد، سرجانی، گڈاپ، گلشن معمارکےعلاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔

لیاقت آباد، کورنگی، اولڈ سٹی ایریا اور جمشید روڈ کے علاقوں میں بھی بجلی غائب ہوگئی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دریں اثنا ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ بارش اور کھڑے پانی میں برقی آلات کا غیرمحفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔

شہری ٹی وی،انٹرنیٹ،کیبلز اور ٹوٹےہوئے تاروں سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں، غیرقانونی ذرائع سےبجلی کا حصول اور کنڈے جان لیوا حادثات کا سبب بنتے ہیں۔

ترجمان کے الیکٹرک نے مزید کہا کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کےسبب حفاظتی اقدامات کےتحت عارضی طور بجلی بند کی جاسکتی ہے۔

ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے اور فیلڈ اسٹاف الرٹ پر ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025