• KHI: Partly Cloudy 16.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 14°C
  • KHI: Partly Cloudy 16.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 14°C

کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش، موسم خوشگوار ہوگیا

شائع June 28, 2025
— فائل فوٹو: وائٹ اسٹار، فہیم صدیقی
— فائل فوٹو: وائٹ اسٹار، فہیم صدیقی

کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش کا سلسلہ ہوگیا، شہر کے بیشتر علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ مون سون کا پہلا راؤنڈ کل بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے بہادر آباد، طارق روڈ ، دھوراجی، اسٹیڈیم روڈ، پی ای سی ایچ ایس پر تیز بارش ہوئی، شاہراہ فیصل پر ایئر پورٹ، پی اے ایف بیس فیصل، ڈرگ روڈ، کارساز اور صدر کے اطراف بھی بارش جاری ہے۔

دوسری جانب کراچی میں بارش انتظامی نا اہلی کی وجہ سے شہریوں کے لیے زحمت بن گئی، شہر میں جگہ جگہ بارش کا پانی کھڑا ہوگیا، نکاسی آب کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔

سندھ ہائیکورٹ اور سٹی کورٹ میں بھی بارش کا پانی جمع ہونے سے وکلا اور سائلین کو پریشانی کا سامنا ہے، کے ایم سی کے مرکزی دفتر کے قریب اردو بازار کی مرکزی سڑک پانی میں ڈوب گئی، موجودہ صورتحال میں دکاندار کاروبار مندا ہونے کی دہائیاں دینے لگے۔

ٹریفک پولیس کے حکام نے بارش کے دوران شہریوں سے احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کی ہے، اور شہریوں سے کہا ہے کہ دوران برسات رفتار کم رکھیں، اردگرد موجود لوگوں کا خیال کریں تاکہ حادثات سے بچاجاسکے۔

یاد رہے کہ کراچی میں حالیہ مون سون کی پہلی بارش جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب شروع ہوئی تھی، جس کے بعد کئی علاقوں میں سڑکیں زیر آب آگئی تھیں۔

سوشل میڈیا پر شہری نکاسی نہ ہونے کی شکایات کرتے دکھائی دیتے ہیں، تاہم سندھ حکومت کے ترجمان کے مطابق کراچی کی شہری انتظامیہ کے ساتھ ساتھ محکمہ بلدیات بھی متحرک ہے۔

تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ کیا گیا ہے اور سڑکوں پر جمع پانی صاف کیا جارہا ہے، ساتھ ہی صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025