اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز نے سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کر دی
اسلام آباد ہائی کورٹ کے 5 ججز نے تبادلے سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ چیلنج کر دیا، وکیل منیر اے ملک نے ججز کی انٹرا کورٹ اپیل سپریم کورٹ دائر کر دی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق سپریم کورٹ کے 5 رکنی آئینی بینچ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججز ٹرانسفر کو درست قرار دیتے ہوئے سنیارٹی کا معاملہ صدر پاکستان کو بھجوا دیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی جانب سے انٹرا کورٹ اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ کے ججز ٹرانسفر کیس کے فیصلے کو انٹرا کورٹ اپیل میں کالعدم قرار دیا جائے اور انٹرا اپیل کے التوا تک 19 جون کا فیصلہ معطل کیا جائے۔
یاد رہے کہ 19 جون 2025 کو سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے 3 ججز کا اسلام آباد ہائی کورٹ میں تبادلہ آئینی و قانونی قرار دیتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 5 ججز کی جانب سے دائر کردہ درخواستیں مسترد کردی تھیں۔
عدالت نے 3، 2 کے تناسب سے جاری کردہ مختصر فیصلے میں کہا تھا کہ ججز کا تبادلہ غیر آئینی نہیں ہے۔
سپریم کورٹ کے 5 رکنی آئینی بینچ کے جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس شاہد بلال حسن اور جسٹس صلاح الدین پنہور نے اکثریتی فیصلے میں کہا تھا کہ صدر پاکستان کو آرٹیکل 200 کے تحت ہائی کورٹ کے جج کو ایک عدالت سے دوسری عدالت میں منتقل کرنے کا اختیار حاصل ہے۔












لائیو ٹی وی