شانگلہ: 11 سالہ مدرسہ طالبعلم کیساتھ بدفعلی کے الزم میں استاد گرفتار
خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں اتوار کی شام 11 سالہ مدرسے کے طالبعلم کے ساتھ مبینہ بدفعلی کا واقعہ رپورٹ ہوا ہے جس پر مدرسہ استاد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) سید خورشید علی نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ متاثرہ بچے کا بیان ریکارڈ کیا گیا ہے جس میں اس نے الزام عائد کیا کہ استاد نے اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی جس سے وہ زخمی بھی ہوا۔
ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ متاثرہ طالبعلم کے چچا کی جانب سے شکایت درج کرائی گئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ’خیبر پختونخوا چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ (سی پی اے) کی دفعہ 53 (جنسی زیادتی) کے تحت ایف آئی آر درج کی جائے گی اور متاثرہ بچے کی میڈیکل رپورٹ حاصل کی جائے گی۔ تاہم، متاثرہ نے ہمیں خون آلود کپڑے فراہم کیے ہیں جو زیادتی کی نشاندہی کرتے ہیں۔
ایس ایچ او کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
سول سوسائٹی کی رپورٹ کے مطابق سال 2024 میں چاروں صوبوں، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے بچوں کے ساتھ زیادتی کے کل 3 ہزار 364 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ساحل کی رپورٹ ’کروئل نمبرز 2024‘ 81 قومی اور علاقائی اخبارات سے جمع کیے گئے اعداد و شمار کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔
ساحل کے مطابق رپورٹ کا مقصد بچوں (18 سال تک کی عمر) کے خلاف جنسی زیادتی، اغوا، بچوں کے لاپتا ہونے اور کم عمری کی شادیوں جیسے واقعات کی صورتحال کو ڈیٹا کی شکل میں پیش کرنا ہے۔












لائیو ٹی وی