زائد العمری کے طعنوں سے اثر نہیں پڑتا، ماہرہ خان

شائع July 1, 2025

سپر اسٹار ماہرہ خان نے کہا ہے کہ انہیں زائد العمری کے طعنوں سے کوئی اثر پڑتا ہے نہ انہیں پریشانی ہوتی ہے، وہ اپنی عمر اور زندگی سے محظوظ ہو رہی ہیں، انہیں لوگوں کے تبصروں سے کوئی لینا دینا نہیں۔

ماہرہ خان نے حال ہی میں انڈیپینڈنٹ اردو کو دیے گئے [**انٹرویو**][1] میں اپنی عمر پر کی جانے والی تنقید پر بھی بات کی۔

دوران انٹرویو انہوں نے کہا کہ انہیں بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی اداکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کرنے پر بھی کوئی اثر نہیں پڑتا، مذکورہ معاملے پر بات اور بحث کرنا بھی فضول ہے۔

ان کے مطابق وہ عوام اور مداحوں کے لیے ہیں اور ان کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بلاک ہونے کے باوجود وہ اپنے بھارتی مداحوں سے پیار کرتی رہیں گی، مداحوں کا کوئی قصور نہیں، سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کرنا سیاسی فیصلہ تھا۔

ماہرہ خان نے اپنے آنے والی اوریجنل نیٹ فلیکس سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ پر بھی بات کی اور مختصر بتایا کہ مداح انہیں انتہائی منفرد کردار میں دیکھیں گے، انہوں نے اس طرح کا کردار کبھی نہیں ادا کیا۔

’لو گُرو‘ پر بات کرتے ہوئے ماہرہ خان نے بتایا کہ مذکورہ فلم سے قبل ہمایوں سعید اور وہ کسی دوسری فلم پر کام کرنے والے تھے لیکن پھر اچانک اس پر کام شروع ہوا اور جلد ہی دونوں دوبارہ بھی بڑے پردے پر نظر آئیں گے۔

اداکارہ نے کہا کہ انہیں ایکشن فلموں میں کام کرنے کی خواہش ہے لیکن آج تک انہیں ایکشن کردار کی پیش کش نہیں ہوئی، مولا جٹ میں بھی ان کے ایکشن مناظر نہیں تھے۔

انہوں نے آنے والی اپنی فلم ’نیلو فر‘ کی بھی تعریفیں کیں اور کہا کہ اس کی کہانی مداحوں کو پسند آئے گی۔

عمر کے طعنوں سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ماہرہ خان نے بتایا کہ کچھ دن قبل وہ والدین کے ساتھ کھانا کھا رہی تھیں کہ والدہ نے انہیں بتایا کہ انہوں نے ایک ویڈیو دیکھی، جس میں ایک شخص ان کی عمر سے متعلق انتہائی نامناسب باتیں کر رہا تھا۔

اداکارہ کے مطابق والدہ نے مبہم انداز میں انہیں مشورہ دیا کہ وہ اپنی عمر چھپانے کی کوشش کیا کریں، جس پر انہوں نے والدہ کو کہا کہ وہ ایسا نہیں کریں گی، انہوں نے آج تک اپنی کوئی بات اور چیز خفیہ نہیں رکھی۔

ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی شادی، بچے کی پیدائش اور طلاق سمیت عمر بھی کبھی خفیہ نہیں رکھی اور نہ وہ عمر کو خفیہ رکھنا چاہتی ہیں۔

اداکارہ کے مطابق وہ خود سے جھوٹ نہیں بول سکتیں، وہ خود سے محبت کرتی ہیں اور انہیں لوگوں کی جانب سے زائد العمری کے طعنے دینے پر کوئی اعتراض نہیں، انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔

ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ وہ دوسرے لوگوں کی رائے کا احترام کرتی ہیں لیکن وہ اپنی عمر سے مطمئن ہیں، وہ عمر کو خفیہ رکھنے کے حق میں بھی نہیں۔

اسی دوران انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ بعض اوقات وہ عمر کے حوالے سے بہت سارے کرداروں اور چیزوں کو مسترد بھی کرتی ہیں اور دلیل دیتی ہیں کہ وہ اس عمر میں وہ چیز ٹھیک نہیں لگے گی لیکن انہوں نے اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی۔

خیال رہے کہ حال ہی میں ماہرہ خان کی فلم ’لو گرو‘ ریلیز ہونے کے بعد انہیں متعدد افراد نے عمر کے طعنے دیے اور انہیں زائد العمر قرار دے کر ان پر تنقید کی کہ وہ بڑی عمر میں ہیروئن اچھی نہیں لگتیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 جولائی 2025
کارٹون : 22 جولائی 2025