مالی سال کے آغاز پر اسٹاک مارکیٹ ایک لاکھ 28 ہزار کی نئی حد عبور کر گئی، وزیراعظم کا اظہار اطمینان

شائع July 1, 2025
— فائل فوٹو:اے ایف پی
— فائل فوٹو:اے ایف پی

مالی سال 26-2025 کے پہلے روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کا رجحان برقرار ہے، کاروباری ہفتے کے دوسرے روز 2500 سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے بینچ مارک ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 28 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی عبور کرگیا، وزیراعظم نے مارکیٹ کی شاندار کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق منگل کو مالی سال کے پہلے روز کاروبار کے آغاز پر ہی مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، بینچ مارک 100-انڈیکس 2 ہزار 572 پوائنٹس یا 2.05 فیصد اضافے سے ایک لاکھ 28 ہزار 199 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔

واضح رہے کہ پیر کو کے ایس ای-100 انڈیکس ایک ہزار 248 پوائنٹس یا ایک فیصد اضافے سے ایک لاکھ 25 ہزار 627 پر بند ہوا تھا، جو گزشتہ ہفتے کاروبار کے اختتام پر ایک لاکھ 24 ہزار 379 کی سطح پر تھا۔

چیس سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف ایم فاروق نے خطے میں جغرافیائی کشیدگی میں کمی اور شرحِ سود میں بتدریج کمی کے امکانات کے ساتھ ساتھ معاشی استحکام میں بہتری کو اسٹاک مارکیٹ میں اضافے کی وجہ قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کار ایک مضبوط کارپوریٹ نتائج کے حامل سیزن کی توقع کر رہے ہیں اور مارکیٹ کے پرائس ٹو ارننگ تناسب کو معمول کی سطح پر لے جا رہے ہیں۔

یوسف فاروق کے مطابق، مارکیٹ تیزی کے رجحان کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، جو کہ عوامی شمولیت میں اضافے اور وسیع پیمانے پر مختلف اسٹاکس میں تیزی سے ظاہر ہوتا ہے۔

دوسری جانب، اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف کا کہنا ہے کہ حالیہ بجٹ میں مقرر کردہ زیادہ ٹیکس کی شرح کے باعث سرمایہ کار فکسڈ انکم کے بجائے اب شیئر مارکیٹ کی طرف رجحان بڑھا رہے ہیں، خاص طور پر اُن اسٹاکس کی طرف جو زیادہ ڈیویڈنڈ منافع دیتے ہیں۔

اویس اشرف نے کہا کہ افراطِ زر میں کمی، مالیاتی نظم و ضبط، بیرونی کھاتے کی مضبوطی، اور ساختی اصلاحات پر توجہ کے باعث شرح سود میں نرمی کا تسلسل جاری رہنے کا امکان ہے، جو کہ اسٹاک مارکیٹ کے لیے مثبت رجحان پیدا کرے گا۔

انہوں نے پیش گوئی کی کہ شرح سود میں کمی اور ساختی اصلاحات سے فائدہ اٹھانے والے شعبے بالخصوص توانائی سے وابستہ صنعتیں، آئندہ بھی نمایاں رہیں گی۔

دریں اثنا، وزیراعظم شہباز شریف نے اسٹاک ایکسچینج کے بلند ترین سطح عبور کرنے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیامالی سال اچھی خبر اور معاشی میدان میں ایک اہم پیشرفت سے شروع ہوا، 100انڈیکس کابلند ترین سطح پرپہنچنا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ معیشت اور حکومتی پالیسیوں پر سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط و مستحکم ہو رہا ہے، پچھلے مالی سال معاشی پالیسیوں کی وجہ سےمعیشت نے بہترین ریکوری دکھائی، نیامالی سال ملکی معیشت کی بہتری کی جانب سفرمیں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025