باجوڑ کے علاقے صدیق آباد میں دھماکا، اسسٹنٹ کمشنر سمیت 5 افراد شہید، 11 زخمی

شائع July 2, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

باجوڑ میں صدیق آباد پھاٹک میلہ گراؤنڈ کے قریب بم دھماکا ہوا ہے جس میں اسسٹنٹ کمشنر سمیت 5 افراد شہید اور 11 زخمی ہوگئے۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق تحصیل خار کے علاقے صدیق آباد پھاٹک میں ناوگئی روڈ پر بم دھماکے میں 5 افراد شہید اور 11 زخمی ہوگئے، 4 لاشیں خار ہسپتال منتقل کردی گئیں۔

دھماکے میں اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے، شہدا میں اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی فیصل اسمٰعیل، تحصیلدار ناواگئی اور 2 پولیس اہلکار اور ایک نامعلوم شخص شامل ہے۔

ڈی پی او وقاص خان نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ تھانہ خار کی حدود بمقام میلہ گراؤنڈ کے قریب اسسٹنٹ کمشنر نواگئی کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر نواگئی فیصل سلطان، تحصیل دار وکیل، اے ایس آئی نو حکیم، پولیس کانسٹیبل رشید اور نامعلوم شخص شہید ہوگئے، شہدا کے جسد خاکی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار منتقل کر دیے گئے ہیں۔

ڈی پی او کے مطابق پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لیا ہوا ہے، مزید نگرانی جاری ہے۔

دھماکے میں 11 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کر کے ڈسٹرکٹ ہسپتال خار منتقل کردیا، دھماکے کے نتیجے میں ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا باجوڑ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلدار سمیت دیگر قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے، شہدا کی قربانی رائیگاں نہیں جائیں گی، صوبائی حکومت لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمنوں عناصرکو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے واقعے کی تحقیقات کے لیے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے، ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 جولائی 2025
کارٹون : 21 جولائی 2025